شاہ رخ خان نے اب تک کتنی بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دِکھائے؟

ممبئی،فروری۔بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنے 30 سالہ طویل فلمی کیرئیر میں اب تک 12 بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دِکھائے۔میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’پٹھان‘جس نے اب تک دنیا بھر میں باکس آفس پر 8 سو کروڑ روپے سے زائد کابزنس کیا ہے، اداکار کے پورے کیریئر کی 12 ویں بلاک بسٹر فلم ہے۔اس سے قبل شاہ رخ خان نے بالی ووڈ انڈسٹری کو 11 سْپر ہٹ فلمیں دیں اور عالمی سطح پر اپنی ایک منفرد پہچان بنائی۔اداکار کی پہلی بلاک بسٹر فلم ’بازی گر‘ تھی جوکہ 1993ء میں ریلیز ہوئی اس فلم کی ہدایت کاری عباس مستان نے کی تھی۔ 1993ء میں ہی شاہ رخ خان نے یش چوپڑا کی ہدایتکاری میں بننے والی ایک اور ہٹ فلم ’ڈر‘ سے اپنے مداحوں کے دل جیتے، اس فلم میں شاہ رخ خان کے علاوہ سنی دیول اور جوہی چاولہ نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔پھر راکیش روشن کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’کرن ارجن‘ بھی شاہ رخ خان کے کیریئر کی ہٹ فلم ثابت ہوئی۔1997ء میں یش چوپڑا کی ہدایتکاری میں بننے والی اداکار کی فلم ’دل تو پاگل ہے‘ سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلم بنی۔ اس فلم نے مسلسل تین ہفتوں تک سینما گھروں میں زبردست رش دیکھا گیا۔ایک کے بعد ایک ہٹ فلمیں دینے کے بعد شاہ رخ خان نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور مسلسل کامیابیاں سمیٹتے رہے اور خود کو بھارتی فلم انڈسٹری کے ایک اہم حصّے کے طور پر منوایا۔ فلم ’محبتیں‘، ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘، ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، ’کبھی خوشی کبھی غم‘، ’چنئی ایکسپریس‘، ’اوم شانتی اوم‘، اور ’رب نے بنا دی جوڑی‘ شاہ رخ خان کے فلمی کیریئر کی مشہور فلمیں سمجھی جاتی ہیں۔اب فلم ’پٹھان‘ شاہ رخ خان کے کیریئر کی 12ویں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی اور اس فلم کو دنیا بھر میں خوب پذیرائی حاصل کی ہے۔

 

Related Articles