ایف پی او کی واپسی کے فیصلے نے بہت سے لوگوں کو حیران کیا: گوتم اڈانی
ترواننت پورم، فروری۔ اڈانی انٹرپرائزز لمیٹڈ (اے ای ایل) کے سربراہ گوتم اڈانی نے آج کہا کہ کمپنی کے اپنے مکمل سبسکرائب شدہ فالو آن پبلک آفر (ایف پی او) سے دستبردار ہونے کے فیصلے نے بہت سے لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔ لیکن مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کو دیکھتے ہوئے کل ( یکم فروری کو ) بورڈ نے سختی سے محسوس کیا کہ ایف پی او کے ساتھ آگے بڑھنا اخلاقی طور پر درست نہیں ہوگا۔مسٹر اڈانی نے ایک بیان میں کہا ایک کاروباری شخص کے طور پر اپنے چار دہائیوں سے زیادہ کے سفر میں، میں خوش قسمت رہا ہوں کہ تمام اسٹیک ہولڈرز، خاص طور پر سرمایہ کار برادری سے زبردست تعاون حاصل ہوا۔ میرے لیے یہ اعتراف کرنا ضروری ہے کہ میں نے زندگی میں جو کچھ بھی حاصل کیا ہے وہ ان کے یقین اور اعتماد کی وجہ سے ہے۔ میں اپنی تمام کامیابیوں کا کریڈٹ اسے دیتا ہوں۔ میرے لیے میرے سرمایہ کاروں کا مفاد سب سے اہم ہے اور باقی سب کچھ ثانوی ہے ۔ اس لیے ہم نے ایف پی او واپس لے لیا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے۔ اس فیصلے سے ہماری موجودہ کارروائیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ہم منصوبوں کی بروقت تکمیل اور فراہمی پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔ہماری کمپنی کے بنیادی اصول مضبوط ہیں۔ ہمارے پاس مضبوط بیلنس شیٹ اور مضبوط اثاثے ہیں۔ ہماری ای بی آئی ڈی ٹی اے کی سطحیں اور کیش فلو بہت مضبوط ہیں اور ہمارے پاس اپنی ٹیکس کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کا ایک عمدہ ٹریک ریکارڈ ہے۔ ہم طویل مدتی قدر کی تخلیق پر توجہ مرکوز کرتے رہیں گے۔ ‘‘مارکیٹ کے مستحکم ہونے کے بعد، ہم اپنی کیپٹل مارکیٹ کی حکمت عملی کا جائزہ لیں گے۔ ہماری توجہ ای ایس جی پر ہے اور ہمارا ہر کاروبار ذمہ دارانہ انداز میں قدر پیدا کرتا رہے گا۔ ہمارے حکمرانی کے اصولوں کی سب سے مضبوط توثیق ان بہت سی بین الاقوامی شراکتوں سے ہوتی ہے جو ہم نے اپنی مختلف کمپینیوں میں بنائی ہیں۔ میں اس موقع پر اپنے انوسٹمنٹ بینکرز، ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور ملک کے اندر اور باہر کے شیئر ہولڈرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے ایف پی او کی حمایت کی۔‘‘انہوں نے مزید کہا گزشتہ ہفتے کے دوران حصص میں اتار چڑھاؤ کے باوجود کمپنی ، اس کے کاروبار اور اس کی انتظامیہ پر آپ کا اعتماد ہم سب کے لیے انتہائی تسلی بخش اور قابل تحسین ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ہمیں مستقبل میں بھی حمایت ملتی رہے گی۔ ہم پر آپ کے اعتماد کے لئے ایک بار پھر آپ کا شکریہ۔