اس سال یوکرین سے روسی افواج کو پیچھے دھکیلنا مشکل ہے: امریکہ
واشنگٹن،جنوری ۔ امریکی چیف آف سٹاف جنرل مارک ملی نے کہا ہے کہ کیف کے لیے نئے فوجی امدادی پیکج میں یوکرینی افواج کی تربیت بھی شامل ہے۔ انہوں نے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ اس سال یوکرین سے روسی افواج کو ہٹانا بہت مشکل ہے۔امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا کہ نئی فوجی امداد سے یوکرین کو روس کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔ جرمنی کے رامسٹین اڈے میں اجلاس کے دوران لائیڈ آسٹن نے کہا یوکرین کی حمایت کے لیے ہمار عزم طویل مدتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ متعدد ملکوں نے یوکرین کو فضائی دفاعی نظام بھیجنے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا یوکرین سپورٹ گروپ ملکوں کی خودمختاری کا احترام کرنے کے لیے قوانین بناتا رہے گا۔ خبروں کے مطابق اس سے قبل آسٹن نے یوکرین کی حمایت کرنے والی اہم جماعتوں کے اجلاس کے دوران مغربی اتحادیوں پر زور دیا تھا کہ وہ روسی افواج کے جواب میں ایک اہم مرحلے پر کیف کے لیے اپنی امداد میں اضافہ کریں۔ انہوں نے جرمنی کے رامسٹین ایئر بیس پر اجلاس کے آغاز میں کہا ہمیں مزید کوششیں کرنا ہوں گی، کیونکہ یوکرین میں فیصلہ کن مرحلہ ہے۔ یوکرین کے عوام کی نظریں ہم پر جمی ہوئی ہیں ، کریملن اور تاریخ کی آنکھیں بھی ہر پر مرکوز ہیں۔واضح رہے جرمنی کے رامسٹین ایئر بیس پر ہونے والی ملاقات تقریباً 11 ماہ قبل یوکرین میں روسی فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے ہونے والی ملاقاتوں کے سلسلے میں تازہ ترین ہے۔ اس اجلاس میں یوکرین کے حامی ممالک یوکرین کو مستقبل میں اسلحے کی فراہمی، خاص طور پر جرمن لیپرڈ ٹینکوں کی فراہمی پر غور کر رہے ہیں۔ برلن کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ان ٹینکوں کو برآمد کرنے کے کسی بھی فیصلے کو مسترد کر دے۔ چانسلر اولاف شولز کی حکومت اب تک روس کے مشتعل ہونے کے خوف سے ان ٹینکوں کی یوکرین منتقلی کی اجازت دینے سے گریزاں نظر آتی تھی۔ تاہم برلن کے بہت سے مغربی اتحادی جرمن چانسلر کی تشویش کو غلط سمجھتے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ روس پہلے ہی جنگ میں جانے کے لیے پوری طرح سے پرعزم ہے۔ جمعرات کو، امریکہ نے یوکرین کے لیے 2.5 بلین ڈالر کی نئی فوجی امداد کا اعلان کیا جس میں سینکڑوں بکتر بند گاڑیاں اور یوکرین کے فضائی دفاع کے لیے سپورٹ شامل ہے۔ وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ پیکج میں 59 بریڈلی فائٹنگ وہیکلز، 90 سٹرائیکر آرمرڈ پرسنل کیریئرز، 53 بارودی سرنگوں سے بچنے والی گاڑیاں اور 350 اعلیٰ صلاحیت والی ملٹی مشن وہیلڈ گاڑیاں شامل ہیں۔مجموعی طور پر امریکہ نے روسی فوجی آپریشن کے آغاز سے لے کر اب تک یوکرین کے لیے 27.4 بلین ڈالر سے زیادہ کی سیکورٹی امداد مختص کی ہے۔