ملک کو جوڑنے کا کام مودی جی کر رہے ہیں، راہول گاندھی ملک کو توڑنے کے لئے یاترا پر نکلا ہے: رویندر رینا
جموں ,جنوری۔جموں وکشمیر بھاجپا یونٹ کے صدر رویندر رینا نے کہاکہ کانگریس نے ہی جموں وکشمیر کا بیڑا غرق کیا۔انہوں نے کہاکہ راہول گاندھی سے جموں وکشمیر کے لوگ سوال کر رہے ہیں کہ یہاں پر ملی ٹینسی کو کس نے فروغ دیا ، لداخ ، پاکستانی زیر قبضہ کشمیر، اکسائی چن، گلگت بلتستان کو کس نے پاکستان اور چین کے حوالے کیا ۔ اس کا کانگریس اور راہول گاندھی کو جوب دینا ہی پڑے گا ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔رویندر رینا نے کہاکہ جموں وکشمیر میں امن و امان کے قیام کی خاطر موجودہ مرکزی حکومت زمینی سطح پر کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے سبھی طبقوں کو انصاف فراہم کرنے کی خاطر موجودہ حکومت کوشاں ہے ۔اُن کے مطابق کانگریس نے جموں وکشمیر کا بیڑ ا غرق کیا ۔رویندررینا نے کہاکہ آج راہول گاندھی بھارت جوڑو یاترا پر نکلا ہے لیکن جموں وکشمیر کے لوگ اُن سے سوال کر رہے ہیں کہ جموں وکشمیر میں حالات کو درہم برہم کرنے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے؟انہوں نے کہاکہ کانگریس نے جموں وکشمیر کو ہر ایک شعبے میں پیچھے رکھا اور لوگوں کے حقوق سلب کئے۔رویندر رینا نے راہو ل گاندھی سے سوال کیا کہ سال 1947میں ملک کیوں ٹوٹا ، یونین ٹریٹری لداخ میں گلگت بلتستان، اکسائی چن اور پاکستانی زیر قبضہ کشمیر کو کس نے چین اور پاکستان کے حوالے کیا؟انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس لیڈر شپ نے ہی چین اور پاکستان کو اراضی فراہم کی ۔رویندر رینا نے کہاکہ جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی کو کیسے فروغ ملا یہ راہول گاندھی سے پوچھا جاسکتا ہے کیونکہ 40برسوں تک کانگریس نے جموں وکشمیر اور ملک میں حکومت کی۔انہوں نے کہاکہ کانگریس نے ہمیشہ ملی ٹینسی کے حوالے سے نرم گوشہ رکھا جس وجہ سے یہاں بے گناہ لوگ مارے گئے۔رویندر رینا نے کہاکہ جموں وکشمیر کو برباد کرنے کا کام کانگریس نے کیا ہے۔اُن کے مطابق موجودہ سرکار سب کا ساتھ ، سب کا وشواس کو دھیان میں رکھ کر کام کر رہی ہیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ملک کو جوڑنے کاکام مودی جی کر رہے ہیں اور راہول گاندھی ملک کو توڑنے کی خاطر یاترا پر نکلا ہے۔