تونیشا شرما کیس میں شیزان خان کی درخواست ضمانت مسترد
ممبئی،جنوری،آنجہانی بھارتی اداکارہ تونیشا شرما کے کیس میں ممبئی کی عدالت نے ملزم شیزان خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ممبئی واسائی کورٹ میں جمعے کے روز تونیشا شرما کی موت کے معاملے کی سماعت ہوئی، اس دوران عدالت نے شیزان خان کی درخواست ضمانت مسترد کی۔تونیشا شرما جو 24 دسمبر کو اپنے ڈرامے علی بابا داستان کابل کے سیٹ پر مردہ پائی گئیں، اس کے اگلے دن یعنی 25 دسمبر کو شیزان خان کو پولیس نے حراست میں لے لیا تھا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار شیزان خان اپنی گرفتاری کے بعد سے اب تک پولیس کی تحویل میں ہیں، وہ معاملے میں مرکزی ملزم ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عدالتی فیصلے کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں، شیزان خان کو تونیشا شرما کی ماں کی جانب سے خودکشی پر اکسانے کا الزام لگانے پر گرفتار کیا گیا۔اداکارہ کی والدہ نے ملزم اور اْس کی فیملی پر الزامات لگائے، کہا گیا کہ شیزان، تونیشا کو مارتا اور جبراً اسلام قبول کرنے کیلیے دباؤ ڈالتا تھا۔شیزان کی گرفتاری کے بعد اْن کی بہنوں نے اپنے بھائی کو معصوم قرار دیا اور وکیل کے ہمراہ پریس کانفرنس میں تمام الزامات کی تردید کی۔انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ تونیشا کی والدہ اپنی بیٹی سے متعلق حقائق چھپا رہی ہیں کہ اداکارہ اپنے بچپن کے ٹراما کے باعث ڈپریشن کا شکار رہی ہیں۔اپنے ابتدائی بیان میں شیزان کی بہنوں شفق اور فلک ناز نے اپنے بھائی کو میڈیا ٹرائل کا شکار قرار دیا اور کہا کہ اْس پر حملے صرف مذہب کی وجہ سے ہو رہے ہیں۔اس سے قبل شیزان خان کے وکیل نے عدالت کے روبرو بتایا تھا کہ تونیشا نے موت سے کچھ منٹ پہلے علی نامی شخص سے رابطہ کیا تھا اور وہ اْس کے ساتھ ڈیٹ بھی کررہی تھی۔