عرفی جاوید، شیزان خان کی حمایت میں سامنے آگئیں
ممبئی،دسمبر۔بھارتی ٹیلی ویڑن اداکارہ و سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اور اپنے عجیب و غریب ملبوسات کی وجہ سے مشہور عرفی جاوید، ساتھی اداکار شیزان خان کی حمایت میں سامنے آگئیں۔یاد رہے کہ شیزان آنجہانی اداکارہ تونیشا شرما کی خودکشی کے کیس میں زیر حراست اور اس معاملے میں ملزم ہیں۔عرفی جاوید نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے لڑکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی کے لیے بھی اپنی قیمتی جان نہ دیں۔عرفی جاوید نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ شیزان خان نے ہوسکتا ہے کہ تونیشا شرما کے ساتھ دھوکا کیا ہو، لیکن تونیشا کی موت کا الزام اس پر عائد نہیں کیا جاسکتا۔تونیشا اور شیزان بھارتی ٹیلی ویڑن کے ڈرامے علی بابا داستان کابل میں اکٹھے کام کررہے تھے، جہاں گزشتہ ہفتے تونیشا نے شو کے سیٹ پر خودکشی کرلی تھی۔عرفی جاوید نے کہا کہ اگر کوئی آپ کے ساتھ نہیں رہنا چاہتا تو آپ اسے زبردستی اپنے ساتھ نہیں رکھ سکتے، میں لڑکیوں سے کہوں گی کہ وہ اپنی قیمتی زندگی کسی کی خاطر ختم نہ کریں۔بعض اوقات ایسی کیفیت میں یہ لگتا ہے کہ اب دنیا ختم ہوگئی، لیکن یقین کیجئے ایسا بالکل نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا آپ پیاروں کے بارے میں سوچیں اور کوشش کریں کہ خود اپنے آپ سے محبت کریں اور اپنا ہیرو خود بنیں، اس پر کچھ وقت دیں، خودکشی سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا، جو آپ کے پیچھے رہ جاتے ہیں ان کے لیے اور مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔