سلمان خان کی برتھ ڈے پارٹی میں شاہ رخ خان کی شرکت، مداحوں کے تبصرے
ممبئی،دسمبر۔بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان عرف سَلو بھائی کی برتھ ڈے پارٹی میں شاہ رخ خان کی شرکت پر سوشل میڈیا صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر وائرل کچھ ویڈیوز اور تصاویر میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کو ایک ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔شاہ رخ خان نے گزشتہ رات سلمان خان کی سالگرہ کے موقع پر ان کے گھر منعقد کی گئی شاندار تقریب میں شرکت کی، جس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ان ویڈیوز اور تصاویر میں بھارتی فلم نگری کے دونوں بڑے ناموں کو سیاہ رنگ کی پینٹ شرٹ پہنے دیکھا جا سکتا ہے۔وائرل ہونے والی ویڈیوز میں سے ایک میں شاہ رخ خان برتھ ڈے پارٹی سے واپسی پر بہت پرجوش انداز میں سلمان خان سے گلے ملتے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور جواباً سلمان خان بھی خود اْنہیں گاڑی تک الوداع کہنے آتے ہیں۔اس وائرل ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے اور دل چسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔کچھ صارفین نے دونوں کو ساتھ دیکھ کر سوال کیا کہ کیا ان دونوں میں دوبارہ دوستی ہو گئی؟ایک صارف نے مزاحیہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کرن ارجن واپس آ گئے۔اس کے علاوہ کچھ صارفین نے دونوں بڑے اسٹارز کو بڑی اسکرین پر دوبارہ ایک ساتھ دیکھنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔واضح رہے کہ سلمان خان کی 57 ویں سالگرہ کی تقریب میں فیملی کے علاوہ بھارتی فلم نگری کی بہت سی نامور شخصیات نے شرکت کی، جن میں شاہ رخ خان، سوناکشی سنہا، تبو، کارتک آریان، سنگیتا بجلانی اور دیگر شامل ہیں۔