2022 میں سب سے زیادہ کمانے والے ہالی ووڈ اداکار کون؟
لاس اینجلس،دسمبر۔ہالی ووڈ فلم انڈسٹری ویسے ہی دنیا کی سب سے زیادہ منافع بخش انڈسٹری ہے، جس کے ساتھ ہی اس میں کام کرنے والے اداکاروں کی کمائی بھی اسی طرح آسمان کو چھوتی ہے۔ سال 2022 ہالی ووڈ کے لیے بہترین سال رہا، جہاں کئی فلموں نے باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑے جبکہ کچھ فرنچائزز نے اپنے سیکوئل کے ساتھ اچھا پیسہ بنایا۔فلم سازوں کی طرح یہ سال اداکاروں کے لیے بھی بہت بہترین رہا جہاں بریڈ پٹ، لیونارڈو ڈی کیپریو اور ٹام کروز سمیت کئی بڑے اسٹارز کی فلموں نے ریکارڈ توڑ بزنس کیا۔ چونکہ ہم سال 2022 کے اختتام پر موجود ہیں، لہٰذا یہاں پر ہالی ووڈ کے پانچ سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اسٹارز کے بارے میں بتایا جارہا ہے۔
ٹام کروز:ٹام کا نام سامنے آتے ہی رواں سال ریلیز ہونے والی فلم ’ٹاپ گن: میوریک‘ کا نام ذہن میں آتا ہے جو ٹاپ گن کا سیکوئل ہے۔ فلم کا سیکوئل تقریباً تین دہائیوں بعد ریلیز کیا گیا لیکن اس نے باکس آفس پر دھوم مچاتے ہوئے ایک ارب 37 کروڑ ڈالر کا بزنس کیا۔ غیر ملکی میڈیا کے اندازے کے مطابق فلم کے ساتھ ساتھ رواں سال ٹام کروز کی کمائی 10 کروڑ امریکی ڈالر ہوئی۔
ول اسمتھ:رواں سال آسکر ایوارڈز کی تقریب کے دوران کامیڈین کرس راک کو تھپڑ مارنے والے ول اسمتھ شہرت میں پستی کی جانب رہے، لیکن کمائی کے معاملے میں قسمت کی دیوی ان پر مہربان رہی۔امریکا کے 54 سالہ اداکار کی فلم ’ایمینسی پیشن‘ کی ریلیز کے بعد کمائی کے معاملے میں بلندی کی جانب سفر کرتے رہے۔انہوں نے رواں برس 3 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر کی کمائی کی۔
لیونارڈو ڈی کیپریو:فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ول اسمتھ سے صرف 50 لاکھ ڈالر کم لیونارڈو ڈی کیپریو نے 3 کروڑ امریکی ڈالر کمائے۔ ڈی کیپریو کا رواں سال بہترین رہا جس کے باعث انہیں آئندہ آنے والی فلم ’کلرز آف دی فلاور مون‘ نے یہ 3 کروڑ امریکی ڈالرز دیے۔
بریڈ پٹ:بریڈ پٹ کمائی کے معاملے میں لیونارڈو ڈی کیپریو کے ہم پلہ رہے۔ انہوں نے بھی اس سال 3 کروڑ امریکی ڈالر کمائے۔ اسٹار اداکار کی اس کمائی کی سب سے بڑی وجہ ایپل اسٹوڈیوز سے ہونے والا معاہدہ ہے جس کی وجہ سے انہیں یہ رقم ملے گی۔ایف ون کی بنیاد پر ہونے والے شو میں بریڈ پٹ میزبانی کے فرائض انجام دیں گے، تاہم اب تک اس شو کا نام سامنے نہیں آیا ہے۔
ڈیوین جانسن:ہالی ووڈ اسٹارز میں رواں برس سب سے زیادہ پیسہ کمانے والوں میں ڈیوین جانسن یعنی دا راک پانچویں نمبر پر ہیں۔ سپر ہیرو فلم میں ڈیوین جانسن کا بلیک ایڈمز سے ڈیبیو تو شاندار نہ رہا اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ شاید دوبارہ ڈی سی کومکس کی فلموں میں نظر نہ آئیں۔تاہم غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیوین جانسن نے اپنے کردار بلیک ایڈمز سے اپنے مداحوں کے دل جیت لیے۔ فلم کے باعث انہوں نے رواں برس مجموعی طور پر 2 کروڑ 25 لاکھ ڈالر کی کمائی کی۔