شاہ سلمان اور جرمن چانسلر نے جی 20 کے کام پر تبادلہ خیال کیا
ماسکو : سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبد العزيز آل سعود اور جرمنی کی چانسلر انگیلا میرکل نے فون پر جی 20 کے کام پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی میڈیا نے یہ رپورٹ دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بات چیت میں جی ٹوئنٹی گروپ کے ممالک کے اجلاسوں کے ضمن میں یکجا کوششوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس کا مقصد کرونا کی وبا پر قابو پانا اور معمول کی زندگی کی طرف واپس آنا ہے۔ روں سال جی ٹوئنٹی گروپ کی صدارت سعودی عرب کے پاس ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمن چانسلر نے جی ٹوئنٹی گروپ کے اجلاسوں کی تیاری اور انتظامی امور کے حوالے سے سعودی عرب کی کوششوں کو گراں قدر قرار دیا۔ انگیلا میرکل نے امید ظاہر کی کہ کرونا کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے بین الاقوامی یک جہتی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ٹیلی فون پر فرانسیسی صدر عمانوئل ماکروں سے بھی بات چیت کی تھی۔