یوراج ریٹائرمنٹ سے باہر آنے کے لئے بے تاب
نئی دہلی ،بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے آل راؤنڈر یوراج سنگھ ریٹائرمنٹ سے نکل کر ڈومیسٹک کرکٹ کم سے کم پنجاب کے لئے ٹی ٹوئنٹی کھیلنا چاہتے ہیں۔
یوراج جون 2019 میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائر ہوگئے تھے لیکن ریٹائرمنٹ کے ایک سال کے بعد ان کی خواہش ہے کہ وہ دوبارہ میدان میں داخل ہوں۔2011 کے ورلڈ کپ کے مین آف دی ٹورنامنٹ یوراج نے گذشتہ چند مہینوں میں موہالی کے پی سی اے اسٹیڈیم میں پنجاب کے نوجوان کھلاڑیوں شبھمن گل ، ابھیشیک شرما ، پربھاسمرن سنگھ اور انمول پریت سنگھ کے ساتھ وقت گزارا اور اسی دوران ان میں واپسی کی خواہش جاگی ہے۔
38 سالہ یوراج نے بدھ کے روز کرک بز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ان نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ اچھا وقت گزارا اور ان سے کھیل کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی۔ تب میں نے محسوس کیا کہ وہ ان کی پیروی کر رہے ہیں جو میں انہیں بتا رہا ہوں۔ مجھے ان نوجوان کھلاڑیوں کو کچھ چیزیں بتانے کے لئے نیٹ کے پاس جانا پڑا اور پھر مجھے خوشگوار حیرت ہوئی کہ میں گیند کو اچھی طرح سے مار رہا ہوں حالانکہ میں نے طویل عرصے سے بیٹ نہیں اٹھایا ہے۔