کورونا ویکسین ضروری لیکن سلامتی کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں: ڈبلیو ایچ او
نئی دہلی، ایک رضاکار کے بیمار پڑنے کی خبر کے بعد کمپنی اسٹراجینیکا کے ذریعہ کورونا ویکسین کا تجربہ روکے جانے کے دوران عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) نے بدھ کو کہا ہے کہ کورونا ویکسین ضروری ہے لیکن سلامتی کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں۔
ڈبلیو ایچ او کے چیف سائنس داں ڈاکٹر سومیا سوامی ناتھن نے آج کہا ہے کہ ’’کورونا ویکسین کو جلد ڈیولپ کرنے کی بات کی جارہی ہے لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ ہم سمجھوتہ کرنے لگیں اورجہاں تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے اسے نظرانداز کرنے لگیں۔‘‘
ڈاکٹر سوامی ناتھن نے اسٹراجینکا ٹسٹ روکے جانے کی خبر پر کسی طرح کی کوئی رائے زنی نہ کرتے ہوئے کہاکہ ’’کورونا ویکسین ڈیولپ کرنے کے پورے عمل کے دوران اصولوں کی پیروی کرنی ہوگی۔ جو دوائیں اور ویکسین لوگوں کو دی جانے والی ہیں اس کی سلامتی کو سب سے زیادہ ترجیح دی جانی چاہئے۔‘‘
واضح رہے کہ اسٹراجینکا آکسفورڈ یونیورسٹی کے ساتھ مل کر کورونا ویکسین کو ڈیولپ کررہی ہے اور کئی ممالک میں اس کے تیسرے مرحلے کا انسانی تجربہ جاری ہے۔ اسی دوران برطانیہ میں ایک رضاکارکے بیمار پڑنے کی وجہ سے اسٹراجینکا نے ٹسٹ کو روکنے کی بات کی ہے۔ حالانکہ ہندوستان میں اس ویکسین کا ٹسٹ جاری ہے، جسے پونے کی سرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کررہی ہے۔‘‘