قومی کونسل بچوں کے رسائل کو ہر ممکن تعاون پیش کرے گی:ڈاکٹر عقیل احمد کی یقین دہانی
ممبئی،قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ جب تک اردو بنیادی سطح پر پڑھائی نہیں جائے گی، اس وقت تک اردو کی ترقی اور ترویج ممکن نہیں ہے-
انہوں نے یہ بات نو تشکیل شدہ بچوں کے رسائل کی تنظیم چلڈرنس اردو میگزین ایسوسی ایشن (CUMA)سے گزشتہ روز زوم ایپ پر خطاب کرتے ہوئے کہی-
انہوں نے کہا کہ ناگہانی حالات کے باوجود بچوں کے رسائل اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں، یہ بہت بڑی بات ہے۔ ڈاکٹر عقیل احمد نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اس وقت پورے ہندوستان سے بچوں کے صرف نو ماہنامے اور ایک ہفت روزہ شائع ہو رہا ہے۔ میری کوشش ہوگی کہ محبان اردو سے بچوں کے رسالے نکالنے اور انھیں بھرپور تعاون کی اپیل کروں۔ ڈاکٹر عقیل شیخ نے کہا کہ قومی کونسل اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر بچوں کے رسائل کو ہر ممکن تعاون پیش کرے گی ۔آپ نے تنظیم کے ذریعے پیش کردہ تجاویز پر بھی سنجیدگی سے غور کرنے کا یقین دلایا۔
چلڈرنس اردو میگزین ایسوسی ایشن نے قومی کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد کی خدمت میں درج ذیل تجاویز پیش کیں۔
١) بچوں کے رسائل اور اخبار کو مستقل خریدا جائے۔
٢) کونسل کے تمام اشتہارات بچوں کے رسائل اور اخبار کو دیئے جائیں.
٣) اردو آبادی والے علاقوں میں ہر سال بچوں کا کتاب میلہ منعقد کیا جائے۔
٤) ہر سال کسی ایک مدیر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ایوارڈ یا اعزاز سے نوازا جائے۔
٥) این سی پی یو ایل کی جانب سے منعقد ہونے والے ورکشاپس اور سیمینارس میں بچوں کے رسائل کے مدیران کو بھی مدعو کیا جائے۔
٦ ) این سی پی یو ایل کی جانب سے بچوں کے ادب پر ہونے والی میٹنگوں میں ہماری تنظیم کے نمائندے کو بھی شامل کیا جائے۔
٧) موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے بچوں کے رسائل اور اخبارکو سالانہ گرانٹ دی جائے جو کم از کم ایک لاکھ روپےہو۔
اس زوم میٹنگ میں سراج الدین ندوی (مدیر، اچھا ساتھی, بجنور) خیال انصاری (مدیر ہفت روزہ خیراندیش،مالیگاؤں) فاروق سید ( مدیر، گل بوٹے، ممبئی) رحمانی سلیم احمد (مدیر، ماہنامہ گلشن اطفال، مالیگاؤں) عنایت اللہ فلاحی (مدیر، جنت کے پھول، ممبرا، تھانہ) عبد اللہ غازی ندوی (مدیر، پھول، بھٹکل) وغیرہ نے اپنے رسالے کا تعارف اور درپیش مسائل کی طرف ڈاکٹر عقیل احمد شیخ کی توجہ مبذول کرائی۔