وزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کی
رانچی، نومبر۔جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے پوچھ گچھ کے لیے ای ڈی کے دفتر جانے سے پہلے کہا کہ وہ ای ڈی کے تمام سوالوں کے جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔آج اپنی سرکاری رہائش گاہ پر منعقد ایک پریس کانفرنس میں وزیراعلیٰ مسٹر سورین نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کی اور کہا کہ ای ڈی کی کارروائی سے ایسا لگتا ہے جیسے میں ملک سے فرار ہونے والاہوں۔ انہوں نے کہا کہ ای ڈی جیسی ایجنسی کو تحقیقات کے بعد ہی آئینی عہدہ پر فائز کسی شخص کے خلاف کسی قسم کا الزام لگانا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ای ڈی کو پہلے ہی ایک خط بھیجاہے کہ 1000 کروڑ کے گھوٹالے کے بارے میں نوٹس کیسے آیا کیونکہ پوری ریاست میں اسٹون چپس کی قیمت 1000 کروڑ نہیں ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الزام کی بنیاد کیسے بنی اور کیسے نہیں یہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ جو الزامات لگائے گئے ہیں وہ کہیں سے ممکن نظر نہیں آتے۔مسٹر سورین نے کہا کہ وہ ای ڈی کے دفتر جا رہے ہیں اور ان کے تمام سوالات کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی تحریری جواب بھیج چکے ہیں۔ ای ڈی ریاست میں غیرقانونی کانکنی کی جانچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ ہیں اور ایک آئینی عہدے پر فائز ہیں لیکن لگتا ہے کہ میں ملک سے فرار ہونے والا ہوں، ملک سے صرف تاجر بھاگے ہیں کوئی سیاستدان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ اپوزیشن ان کی حکومت کے قیام کے بعد سے ہی حکومت گرانے کی سازشیں کر رہی ہے۔ انہوں نے گورنر کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گورنر کا خط نہیں کھولا جا رہا اور وہ بھی سیاست کر رہے ہیں اور حکومت گرانے والوں کو تحفظ دے رہے ہیں۔