جگدیپ دھنکھڑ کمبوڈیا میں تاپروہم مندر کا افتتاح کریں گے
سیمیریپ (کمبوڈیا)، نومبر۔نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ جمعہ کو یہاں تزئین شدہ تاپروہم (بابا برہما) مندر کا افتتاح کریں گے۔مسٹر دھنکھڑ کمبوڈیا میں انڈیا-آسیان اور انڈیا-ایسٹ ایشیا چوٹی کانفرنس کے سلسلے میں جمعرات کی شام کو نامپنہ پہنچے۔ ان ملاقاتوں کا اہتمام نام پینہ میں آسیان سربراہی اجلاس کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔تاپروہم مندر کی تزئین و آرائش محکمہ آثار قدیمہ کے سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) نے کمبوڈیا کی ایک سرکاری ایجنسی اپسرا نیشنل اتھارٹی کے ذریعے کی ہے۔ یونیسکو کی محفوظ یادگاروں کی فہرست میں شامل اس بدھ مندر کی بحالی میں ہندوستان نے 2003 سے اب تک اس پروجیکٹ میں تقریباً 50 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔ تاپروہم کمپلیکس کی تجدید کاری میں شامل اے ایس آئی ٹیم کے سربراہ دیویندر سنگھ سود نے ہند-آسیان میڈیا بات چیت کے پروگرام کے تحت یہاں آنے والے ہندوستانی میڈیا پرسنز کی ایک ٹیم کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا، ہم سیمریپ کے علاقے میں انکور واٹ مندر احاطے کے اس اہم قدیم مندرکی تزئین وآرائش میں 2003 سے آٹھ جگہوں پر کام کر رہے ہیں جن میں تین چوتھائی کام مکمل ہو چکا ہے۔ اس مندر کے رقص پویلین کی تزئین و آرائش کے مکمل ہونے کے بعد وہاں کھدائی میں مراقبہ کی حالت میں ملنے والی بھگوان بدھ کی مورتی کو اس کے پرانے مقام پر لگایا جاچکا ہے۔ مسٹردھنکھڑ کے ذریعہ ڈانس پویلین کا افتتاح کرنے کے بعد اسے سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ افتتاحی تقریب میں کمبوڈیا کے وزیر ثقافت اور فنون نیزصوبہ سیمریپ کے اعلیٰ حکام موجود ہوں گے۔