گڈکری نے ایم پی میں 1261 کروڑ کے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا
نئی دہلی، نومبر۔روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری نے آج مدھیہ پردیش کے منڈلا علاقے میں 329 کلومیٹر طویل قومی شاہراہ کے پانچ پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔مسٹر گڈکری نے کہا کہ ان تمام پروجیکٹوں پر 1261 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد منڈلا اور کانہا نیشنل پارک کا قدرتی حسن سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرے گا۔ منصوبوں کی تکمیل سے علاقے کے جنگلات میں رہنے والوں کو سہولیات دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اس سے منڈلا جبل پور، ڈنڈوری، بالاگھاٹ اضلاع سے اچھی طرح سے رابطہ جڑ جائے گا۔ ان راستوں کی تعمیر سے پچمڑھی، بیڈاگھاٹ اور امر کنٹک جیسے مذہبی مقامات کے ساتھ ساتھ جبل پور سے امرکنٹک کے راستے بلاس پور، رائے پور اور درگ تک کی آمدورفت آسان ہو جائے گی۔ ان پروجیکٹوں کی تکمیل سے پڑوسی علاقوں اور ریاستوں سے زرعی اور صنعتی مصنوعات کی نقل و حمل میں سہولت ہوگی جس سے وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی۔