سبھاش گھئی بالی ووڈ اسٹارز کے ہوشربا معاوضوں سے پریشان

ممبئی،اکتوبر۔فلمساز سبھاش گھئی کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ اسٹارز میں فلم کے لیے نہایت زیادہ معاوضہ لینے کا رجحان بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے پروڈیوسر کے پاس ڈھنگ سے فلم بنانے کے لیے بہت تھوڑی رقم بچتی ہے۔سبھاش گھئی نے کہا کہ ڈائریکٹرز کو بھی کام کے حساب سے معاوضہ ملنا چاہیے لیکن ایسا ممکن نہیں ہو پاتا کیونکہ اداکار کو پیسے دینے کے بعد کچھ بچتا ہی نہیں۔ اخبار کی رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کے کچھ بڑے ستاروں نے ایک فلم کے لیے 100 کروڑ روپے تک کا معاوضہ وصول کیا ہے، اس میں ان کی فیس سمیت ڈسٹری بیوشن وغیرہ میں ان کے حصص شامل ہیں۔سبھاش گھئی نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ اداکاروں کو 100 کروڑ روپے تک کا معاوضہ ملتا ہے لیکن بحیثیت ڈائریکٹر پھر مجھے 125 کروڑ روپے ملنے چاہئیں، کیونکہ بہر کیف فلم میں نے بنائی ہے۔ان کا کہنا تھا لیکن میں اتنی بڑی رقم کیسے حاصل کروں جب پروڈیوسر کے پاس صرف 2 کروڑ روپے بچتے ہیں، پروڈیوسر کا کردار تو بالکل پروڈکشن منیجر کے جیسا ہے، ’سارا تو تْو لے گیا‘۔

Related Articles