واکھنڈا فار ایور میں نیا بلیک پینتھر کون ہوگا؟

لاس اینجلس،اکتوبر۔مارول اسٹوڈیوز کی نئی فلم واکھنڈا فار ایور میں نیا بلیک پینتھر کون ہوگا؟ یہ وہ سوال ہے جو مداحوں کی زبانوں میں پہلے ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد سے ہے۔مگر فلم کے نئے ٹیزر میں واضح اشارے دیے گئے ہیں کہ کونسا کردار اس ماسک کے پیچھے ہوگا۔2018 میں ریلیز ہونے والی فلم بلیک پینتھر نے عوام اور ناقدین دونوں کو متاثر کیا تھا اور اس کے بعد ہی سیکوئل کی تیاری شروع ہوگئی تھی۔مگر بلیک پینتھر کا مرکزی کردار ادا کرنے والے چیڈوک بوسمین کے انتقال کے باعث فلم کی تیاری متاثر ہوئی اور اس وقت اسٹوڈیو نے کہا تھا کہ چیڈوک بوسمین کو ڈیجیٹل طریقے سے فلم کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔اب بلیک پینتھر کے دوسرے حصے کے لانگ لیو واکھنڈا نامی ٹیزر کو جاری کیا گیا ہے جس میں نئے بلیک پینتھر کو ایکشن میں دکھایا گیا ہے جو وہ ہتھیار استعمال کررہا ہوتا ہے جو پہلی فلم میں بلیک پینتھر کی بہن شوری (لیٹیا رائٹ) کے زیراستعمال دکھایا گیا تھا۔اس سے نئے ہیرو کی شناخت کی تصدیق نہیں ہوتی مگر اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ ٹی چالا (چیڈوک بوسمین کے کردار کا نام) کی چھوٹی بہن ہی بلیک پینتھر بنے گی۔اس ٹریلر میں آئرن ہارٹ کے سوٹ کو بھی ایکشن میں دکھایا گیا ہے جو ممکنہ طور پر مارول یونیورس میں آئرن مین کی جگہ لینے والا کردار ثابت ہوگا۔فلم بلیک پینتھر واکھنڈا فار ایور 11 نومبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہوگی۔

Related Articles