شمالی کوریا نے مشرقی اور مغربی ساحل پرتوپ خانے سے گولے داغ دیے
سیول،اکتوبر۔ شمالی کوریا نے منگل کے روز اپنے مشرقی اور مغربی ساحلوں پر توپ خانے سے گولے داغے ہیں جبکہ جنوبی کوریا امریکا اور جاپان کے ساتھ مل کرمشترکہ فوجی مشقیں کررہا ہے۔جنوبی کوریا کیجوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ شمالی کوریا نے مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے کے قریب اپنے مغربی ساحل سے سمندر میں قریباً 100 گولے داغے ہیں اور اپنے مشرقی ساحل سے مزید 150 گولے چلائے ہیں۔شمالی کوریا کی اس فوجی سرگرمی سے ایک روز قبل ہی جنوبی کوریا کی فوج نے اپنی سالانہ ہوگوک دفاعی مشقوں کا آغاز کیا تھا۔ان کا مقصد شمالی کوریا کے جوہری اور میزائل خطرات کا جواب دینے کی فوج کی صلاحیت اورحربی تیاریوں کا جائزہ لینا ہے۔یہ مشقیں ہفتے کے روزاختتام پذیر ہوں گی اور یہ جنوبی کوریا کی جانب سے حالیہ ہفتوں میں کی جانے والی فوجی مشقوں کے سلسلے کی تازہ کڑی ہیں۔ان میں امریکا اور جاپان کے ساتھ بعض مشترکہ سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔