سلمان خان کے ہتک عزت کیس کا فیصلہ محفوظ
ممبئی،اکتوبر۔بمبئی ہائیکورٹ نے سیشن عدالت کے فیصلے کے خلاف اداکار سلمان خان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ واضح رہے کہ پانیول فارم ہاؤس کے پڑوسی کیتن ککڑ کے خلاف دائر ہتک عزت کے کیس میں سیشن عدالت کی جانب سے عبوری ریلیف مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف سلمان خان نے بمبئی ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ ممبئی کی سیشن عدالت نے سلمان خان کی درخواست پر کیتن ککڑ کے خلاف حکم امتناع جاری نہیں کیا تھا جس کے بعد بالی ووڈ اداکار نے بمبئی ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ تاہم 11 اکتوبر کو ہونے والی سماعت میں عدالت عالیہ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو بعد میں سنایا جائے گا۔واضح رہے کہ یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب سلمان خان کے پڑوسی نے ان کے اور ان کے اہلِ خانہ کے خلاف سوشل میڈیا پوسٹ کی۔ سلمان خان نے کیتن ککڑ کی اس پوسٹ کو ہتک آمیز قرار دیا اور عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ نہ صرف ان کے اور ان کے اہلِ خانہ کے خلاف ہتک آمیز اور توہین آمیز ہے بلکہ متعصب بھی ہے اور اس نے مذہبی منافرت کو ہوا دی ہے۔ خیال رہے کہ سلمان خان کا پانویل میں 100 ایکڑ کا فارم ہے جبکہ اس کے ساتھ کیتن ککڑ کا فارم ہاؤس موجود ہے۔ مذکورہ فارم ہاؤس سے متعلق کیتن نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کی تھی اور کہا تھا کہ یہاں سلمان اور ان کے اہلِ خانہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔اس نے یہ بھی الزام لگایا کہ سلمان خان کے فارم ہاؤس کی جگہ کا کچھ حصہ غیر قانونی ہے، تاہم سلمان خان نے کیتن ککڑ کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کردیا تھا۔