سوشانت سنگھ موت معاملہ:نارکوٹکس بیورو کا ریا کے گھر پر چھاپہ
ممبئی، اداکارسوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملہ میں منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق تحقیقات کے سلسلے میں نارکو ٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے اداکارکی گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکرورتی کے گھر پر جمعہ کی صبح چھاپہ مارا۔
این سی بی کے افسران نے بتایا کہ محکمہ کی ایک اور ٹیم نے سوشانت سنگھ راجپوت کے منیجر سیموئیل مرانڈا کے گھر پر بھی چھاپہ مارا۔ افسران نے بتایا کہ فی الحال سرچ آپریشن جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ این سی بی ڈرگ کنٹرول ایکٹ (این ڈی پی ایس) کی دفعات کے تحت سرچ آپریشن میں مصروف ہے۔
این سی بی کے ڈپٹی ڈائرکٹر کے پی ایس ملہوترا نے میڈیا کو بتایا’’یہ ایک طریق کار ہے جس کی ہم پیروی کررہے ہیں۔ ریا اور سیموئیل مرانڈا کے گھر پر چھاپے مارے گئے ہیں۔‘‘
قابل غور ہے کہ این سی بی نے ریا چکرورتی، اس کے بھائی شووک اور سموئیل مرنڈا کے موبائل فون چیٹس اور منشیات کے استعمال سے متعلق پیغامات اور ان کی خرید و فروخت کے اشارے ملنے کے بعد این سی بی نے اس معاملہ میں اس کے رول کو جانچ پڑتال کے دائرے میں لایاہے ۔
این سی بی نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی رپورٹ کی بنیاد پر این ڈی پی ایس کے تحت رپورٹ درج کیا جس میں اداکار کے پیسوں میں ہیرا پھیری اور گھوٹالے کی جانچ کی گئی تھی۔