ریلیز سے پہلے ہی’ سمراٹ پرتھوی راج‘ یوپی میں ٹیکس فری
لکھنؤ:جون۔ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پردہ سیمیں پر آنے سے پہلے ہی اکشے کمار کی ادا کاری والی فلم’سمراٹ پرتھوی راج‘ کو ریاست میں ٹیکس فری کردیا ہے۔ یوگی نے جمعرات کو اس کا اعلان کیا۔یوگی نے یہاں’سمراٹ پرتھوی راج‘ کے ہدایت کار ڈاکٹر چندر پرکاش دویدی اور اس فلم میں مین کردار ادا کررہے اکشے کمار اور مانشی چھلر کی موجودگی میں یہ فلم دیکھنے کے بعد اسے اترپردیش میں ٹیکس فری کرنے کا اعلان کیا۔ لوک بھون میں منعقد اس فہم کی اسکریننگ کے موقع پر یوگی کابینہ کے دیگر وزراءبھی موجود تھے۔وزیر اعلی نے کہا کہ آزادی کے امرت مہوتسو سال کے دوران ریلیز ہونے جارہی یہ فلم تاریخ کی غلطیوں سے سیکھنے کی ترغیب دیتی ہے۔ یوگی نے کہا’ وزیر اعظم نریندر مودی نے قومی ترقی کا جو کام شروع کیا ہے اس میں ہم سبھی کا تعاون کافی اہم ہے۔ ہم اگلے 25سال کے امرت کال کا ہدف لے کر چل رہے ہیں۔ تب ایسی فلمیں ملک کے قومی شعور کو جگانے میں معاون ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حال کو ماضی سے جوڑنے کایہ قابل تعریف کوشش ہے۔یوگی نے فلم میں اہم کردار ادا کررہے اکشے کمار اور ہیروئن مانشی چھلر کے ادا کاری کی تعریف کی۔ یوگی نے کہا کہ دیگر اداکاروں نے بھی اپنی ادا کاری سے فلم کو بہتر بنانے میں کردار ادا کیا ہے۔ اس کے لئے فلم کی پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔فلم کی اسپیشل اسکریننگ کے بعد یوگی نے فلم کی یونٹ کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ سالوں کے وقفے کے بعد آج فلم دیکھنے کا موقع ملا۔