کرمنل بیرسٹرز نے تنخواہوں کی نئی ڈیل کے بعد ہڑتال ختم کردی
لندن،اکتوبر۔کرمنل بیرسٹرز نے حکومت کی جانب سے تنخواہوں کی نئی ڈیل کے بعد ہڑتال ختم کردی۔ کرمنل بار ایسوسی ایشن کے مطابق 57 فیصد بیرسٹرز نے تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ قبول کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔ اس کے معنی یہ ہیں کہ اب کرائون کورٹس منگل سے معمول کے مطابق مقدمات کی سماعت کریں گے۔ بیرسٹرز کی ہڑتال کے سبب سیکڑوں مقدمات التوا کا شکار ہوئے، ابھی یہ نہیں معلوم ہوا کہ زیر التو ا مقدمات نمٹانے میں کتنا وقت لگے گا۔ وزیر انصاف برینڈن لیوس نے بیرسٹرز کو نئے پیکیج کی پیشکش کی جوکہ سابق وزیر انصاف کی جانب سے پیش کئے گئے پیکیج سے بہت بہتر تھا۔ ڈیل کے تحت فوری طورپر حکومت کے فنڈ سے لڑے جانے والے مقدمات کی فیس میں 15 فیصد اضافہ کردیا جائے گا۔ یہ وعدہ کیا گیا ہے کہ اس ڈیل کا اطلاق زیرالتوا 60,000 مقدمات پر بھی ہوگا، اس کے علاوہ عدالتی تیاری کے کاموں کیلئے بھی اضافی رقم دی جائے گی۔ بیرسٹرز نے اجرتوں میں 25 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا تھا۔ بیرسٹرز کا کہنا ہے کہ وزیر کو زیرالتوا مقدمات نمٹانے کیلئے مزید رقم دینی چاہئے۔ وزیر انصاف نے کہا کہ 5 ہفتے قبل وزارت سنبھالنے کے بعد میری ترجیح یہ ہڑتال ختم کرانا تھی۔ مجھے خوشی ہے کہ بیرسٹر پیکیج پر تیار ہوگئے۔ وکٹم سپورٹ چیرٹی کی چیف ایگزیکٹو ڈیانا فائوسیٹ نے اس ڈیل کو ایک مثبت خبر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقدمات کی سماعت کیلئے انتظار کا وقت کم کرنے کیلئے حکومت کو مزید اقدامات کرنے چاہئیں۔ مقدمات کی سماعت میں تاخیر برطانیہ کا ایک بہت پرانا مسئلہ ہے اور اس سے متاثرین کو پریشانی کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔