ہندوستانی اور روسی بحریہ ایک دوسرے کے ساتھ جنگی مہارت شیئر کرے گی
نئی دہلی،وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے دورہ روس کے دوران روسی اور ہندوستانی بحریہ آج سے خلیج بنگال میں بحری مشق ‘اندرنیوی’ میں دو دنوں تک جنگی مہارتیں ایک دوسرے سے شیئر کرے گی۔
مسٹر راجناتھ سنگھ روس کے تین روزہ دورے پر ہيں۔ جمعرات کے روز انہوں نے اپنے روسی ہم منصب جنرل سرگئی شوئگوف کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کی جس میں دونوں فریقوں نے مختلف شعبوں میں دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
سال 2003 کے بعد سے ہر دو سال بعد ہونے والی یہ مشق دونوں بحریہ کے مابین طویل مدتی اسٹریٹجک تعلقات کی نشاندہی کرتی ہے۔ یہ عمل وقت کے ساتھ پختہ ہوا ہے اور اس کا دائرہ اور مختلف مہموں کی پیچیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
اس مشق کا بنیادی مقصد دونوں بحریہ کے درمیان قائم تال میل کو مزید مستحکم کرنا اور مختلف مشنوں میں باہمی افہام و تفہیم میں اضافہ کرنا ہے۔ اس بار کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے یہ مشق صرف سمندر تک ہی محدود ہے اور دونوں اطراف کے سمندری جہاز سمندر کے باہر کی زمین پر ایک ساتھ مشق نہیں کریں گے۔
میزائل تباہ کرنے والے رنوجئے، دیسی فریگیٹ سہیادری اور ٹینکر شکتی اپنے ہیلی کاپٹر کے ساتھ ہندوستانی بحریہ کی مشق میں حصہ لیں گے۔ دریں اثناء، سہیادری کوسری لنکا کے نزدیک آتشزدگی کے شکارتجارتی جہاز ایم ٹی نیو ڈائمنڈ کی مدد کے لئے سری لنکا بھیجا گیا ہے۔ روسی طرف سے اس مشق میں ڈسٹرائیرایڈمرل وینوگریڈوف، ایڈمرل ٹرائبٹ اور فلیٹ ٹینکر بورس بٹوما حصہ لے رہے ہیں۔
دونوں بحریہ کے مابین آخری مشق سال 2018 میں وشاکھاپٹنم میں ہوئی تھی۔