بائیڈن کا زیلنسکی سے بات چیت میں یوکرین کو مزید ہتھیاراورراکٹ لانچردینے کا اعلان

واشنگٹن،اکتوبر۔امریکی صدر جو بائیڈن نے جلد ہی یوکرین کو 62کروڑ 25 لاکھ ڈالر مالیت کے ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کا نیا پیکج مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے۔صدرجوبائیڈن نے منگل کے روز یوکرینی ہم منصب ولودی میرزیلنسکی کے ساتھ ایک فون کال میں اس پیکج کی اطلاع دی ہے اوریوکرین کی حمایت جاری رکھنے کا وعدہ کیا ہے۔بائیڈن نے کہا کہ یوکرین کو جب تک امریکی امدادکی ضرورت ہے، یہ جاری رہے گی۔انھوں نے زیلنسکی کو مطلع کیا کہ یوکرین کو اضافی ہتھیاروں اور سازوسامان، بشمول ہیمارس، آرٹلری سسٹم،گولہ بارود اوربکتربند گاڑیاں دینے کا اعلان آج کیا جارہا ہے۔دریں اثناء امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نے کہا ہے کہ یہ ہتھیار اگست 2021 سے یوکرین کے لیے امریکا سے ہتھیاروں کی بائیسویں کھیپ کے تحت مہیا کیے جائیں گے۔ بلینکن نے کہا کہ اسلحہ کی اس تازہ ترین ترسیل سے جنوری 2021 سے اب تک یوکرین کوامریکا کی جانب سے مہیا کی جانے والی مجموعی فوجی امداد 17.5 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کی ہوجائے گی۔وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر بائیڈن نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ روس کے ساتھ یوکرینی علاقوں کے مبیّنہ الحاق کی حمایت کرنے والے کسی بھی فرد، ادارے یا ملک پر سخت پابندیاں عایدکرنے کے لیے امریکا کی مسلسل تیاری جاری ہے۔گذشتہ ہفتے صدر ولادی میر پوتین نے روس کے حامی یوکرین کے چارعلاقوں میں نام نہاد ریفرنڈم کے انعقاد کے بعد یک طرفہ طور پرریاست میں ضم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔امریکا اور یورپ نے کہا ہے کہ وہ ان الحاق شدہ علاقوں کو کبھی روس کا حصہ تسلیم نہیں کریں گے۔انھوں نے روسی افراد، حکام اور صدرپوتین کے اتحادیوں کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔وائٹ ہاؤس کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر بائیڈن نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق یوکرین کی آزادی اور جمہوریت کے دفاع کی کوششوں کی حمایت میں دنیا کو متحد کرنے کی غرض سے امریکا کی شبانہ روز کاوشوں کا بھی ذکرکیا ہے۔

 

Related Articles