بی جے پی کے دفتر، کپڑوں کی دکان پر پٹرول بم پھینکے گئے
چنئی، ستمبر۔ تمل ناڈو کے کوئمبٹور میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دفتر اور کپڑے کی دکان پر کچھ نامعلوم حملہ آوروں نے پٹرول بم پھینکا۔ پولیس نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ پولیس نے بتایا کہ جمعرات کو دیر گئے ان حملوں میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سے پولیس کو معلوم ہوا کہ نامعلوم حملہ آور موٹر سائیکل پر آئے اور بی جے پی کے دفتر پر بم پھینک کر فوراً فرار ہوگئے، حالانکہ بم نہیں پھٹا اور دفتر سے کچھ فاصلے پر گرا۔ حملے کی تنقید کرتے ہوئے بی جے پی کی تمل ناڈو یونٹ کے صدر کے اناملائی نے ٹویٹ کیا، "اس طرح کے حملوں سے ہمارے کسی بھی بھائی اور بہنوں کے حوصلے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی کا ماحول ہے۔ اس واقعہ کے بعد بی جے پی کارکنوں کی بڑی تعداد نے گاندھی پورم بس اسٹینڈ کے نزدیک دھرنا دیا اور راستے بھی جام کئے۔ سینئر پولیس افسران نے موقع پر پہنچ کر ان سے بات چیت کی۔ پولیس کی جانب سے حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کے بعد بی جے پی کارکنوں نے اپنا احتجاج ختم کردیا۔ دریں اثنا پولیس ذرائع نے بتایا کہ واقعہ کو انجام دینے والے شرپسندوں کو پکڑنے کے لیے پانچ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر دو مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ کوئمبٹور کے اس واقعہ کے بعد چنئی کے کملالیم میں بی جے پی کے پارٹی دفتر میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ سڑکوں کی دونوں اطراف بیریکیڈنگ کی گئی ہے اور گاڑیوں کی چیکنگ کے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔