سعودی ولی عہد سے یوکرینی صدر کے مشیراور خصوصی ایلچی کی ملاقات
جدہ ،ستمبر۔سعودی عرب کے ولی عہد اور نائب وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے منگل کے روزجدہ میں السلام محل میں یوکرین کے صدر کے مشیر اور خصوصی ایلچی رستم عمروف نے ملاقات کی ہے۔ولی عہد نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے یوکرین میں جاری بحران کے خاتمے میں معاون کوششوں کے لیے مملکت کی حمایت کا اظہارکیا ہے۔انھوں نے بحران کے سیاسی حل تک پہنچنے کی تمام بین الاقوامی کوششوں کے لیے سعودی عرب کی جانب سے حمایت کا اعادہ کیا اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے انسانی مضمرات کو کم کرنے کے لیے مملکت کی کوششیں جاری رکھنے کی تصدیق کی۔یوکرینی صدر کے خصوصی ایلچی جناب رستم عمروف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود اور ولی عہدکو صدر ولودی میر زیلنسکی کی جانب سے (سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر)مبارک باد پیش کی۔ جناب عمروف نے ولی عہد کی کوششوں اور شاہ سلمان انسانی امداد اور ریلیف مرکزکے ذریعے کی جانے والی انسانی امدادی کاوشوں کو سراہا اور اس پرمملکت کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں نائب وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور وزیرمملکت ،کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیرڈاکٹرموساعد بن محمد العیبان بھی موجود تھے۔