دیویا کی موت کے بعد فلم کی ڈبنگ کرنا مشکل ہوگیا تھا، عائشہ جھلکا

ممبئی،ستمبر۔بالی ووڈ کی 1990 کے عشرے کی معروف اداکارہ عائشہ جھلکا نے انکشاف کیا ہے کہ ساتھی اداکارہ دیویا بھارتی کی موت کے بعد ان کا فلم کے لیے ڈبنگ کرنا مشکل ہوگیا تھا۔ اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران عائشہ جھلکا نے اپنے ابتدائی دور میں دیگر اداکاراؤں سے اپنے اختلافات اور دوستی کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس زمانے میں ان کی ساتھی اداکارہ دیویا بھارتی سے کافی گہری دوستی تھی اور دیویا نے اپنے شوہر ساجد ناڈیا والا سے اصرار کر کے انہیں 1993 کی فلم ’وقت ہمارا ہے‘ میں شامل کروایا۔یاد رہے کہ دونوں نے فلم رنگ میں اکٹھے کام کیا تھا، آنجہانی اداکارہ دیویا بھارتی جنکا 1993 میں ممبئی میں اپنے فلیٹ کی بالکونی سے گر کر پْراسرار انداز میں انتقال ہوا تھا، عائشہ جھلکا نے ان کے بارے میں گفتگو کے دوران بتایا کہ کس طرح وہ آپس میں چیزیں شیئر کیا کرتی تھیں۔دیویا کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جب ان کی موت کی اطلاع آئی، تو میں افسوس اور صدمے کے باعث بے حس و حرکت ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ بعد میں جب فلم رنگ کی ڈبنگ کی گئی تو متعدد بار اس کی شوٹنگ منسوخ کرنا پڑی کیونکہ میں اس قابل نہیں ہوتی تھی کہ اس کی تکمیل کرواسکوں، میں بار بار رونے لگتی تھی۔عائشہ جھلکا کا کہنا تھا کہ ہم دونوں میں دوستی کے ساتھ کبھی کبھی چھوٹی موٹی لڑائی ہوتی تو ڈائریکٹر یا پروڈیوسر سے شکایت ہوتی، لیکن میں دیویا کی پرستار تھی اور وہ بھی میرے بارے میں ایسے ہی جذبات رکھتی تھی۔انہوں نے بتایا کہ وہ کہا کرتی تھی کہ وہ مجھ سے پیار کرتی ہے، ہم پڑوسی بھی تھے اور آپس میں ایک دوسرے کے بہت قریب تھے۔

 

Related Articles