فلم ’وکرم ویدھا‘ کو ایک ساتھ کتنے ممالک میں ریلیز کیا جائے گا؟
ممبئی،ستمبر۔بالی ووڈ فلم ’براہمسترا‘ کی دنیا بھر میں ایک ساتھ 8 ہزار اسکرینز پر کامیاب ریلیز کے بعد اب بھارتی فلم انڈسٹری کے نواب سیف علی خان اور رہتیک روشن کی نئی آنے والی فلم ’وکرم ویدھا‘ کی بھی میگا ریلیز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔فلم ’وکرم ویدھا‘ کو دنیا بھر میں ایک ساتھ 100 سے زائد ممالک میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جوکہ مبینہ طور پر بالی ووڈ انڈسٹری میں کسی بھی فلم کے لیے اب تک کی سب سے بڑی اوپننگ ہوگی۔میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، بالی ووڈ کی ایکشن تھرلر فلم جس کی ریلیز کا مداحوں کو بہت بے چینی کے ساتھ انتظار تھا، مقررہ دن اور تاریخ پر ایک ساتھ شمالی امریکا، برطانیہ، مشرق وسطیٰ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، یورپ کے 22 ممالک جبکہ افریقہ اور لاطینی امریکا کے 27 ممالک بشمول جاپان، روس، پاناما اور پیرو میں ریلیز کیا جائے گا۔خیال رہے کہ بالی ووڈ کی یہ فلم تامل زبان کی ہٹ فلم وکرم ویدھا کا ریمیک ہے، جس کی کہانی ایک سخت مزاج پولیس افسر وکرم کے گرد گھومتی ہے جو کہ ایک خطرناک گینگسٹر ویدھا کی تلاش میں ہے۔اس فلم میں سیف علی خان پولیس افسر وکرم جبکہ رہتیک روشن خطرناک گینگسٹر ویدھا کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس فلم کی بین الاقوامی ڈسٹربیوشن کے لیے ریلائنس انٹرٹینمنٹ نے ہوم اسکرین انٹرٹینمنٹ کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔فلم 30 ستمبر کو دنیا بھر کے سینما گھروں کی زینت بنے گی۔