سلمان کو دھمکی دینے کا معاملے کی جانچ کرائم برانچ کے سپرد
ممبئی، ستمبر۔ ممبئی پولیس نے بالی ووڈ اداکار سپر اسٹار سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دیے جانے کے متعلق معاملے کی جانچ کا کام کوائم برانچ کے سپرد کر دیا ہے۔اس سے پہلے مقامی باندرا پولیس اس معاملے کی جانچ کر رہی تھی۔ لارینس بشنوئی اور گولڈی برار کے ذریعے مبینہ طور سے دستخط شدہ دھمکی خط کے بعد باندرا پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں نے سلمان اور ان کے والد مشہور مکالمہ نگار سلیم خان کا بیان درج کیا تھا۔ممبئی کرائم برانچ کے اینٹی ایکسٹرشن سیل کی ایک ٹیم نے گلوکار سدھو موسیوالا قتل کے معاملے میں پنجاب پولیس کے ذریعے گرفتار شارپ شوٹر کپل پنڈت سے پوچھ گچھ کرنے کے لیے چندی گڑھ کا دورہ کیاتھا،جو سلمان خان کو دھمکی دینے سے کچھ دن پہلے ہوا تھا۔غور طلب ہے کہ کچھ مہینے پہلے سلمان کو ممبئی پولیس نے اپنی حفاظت کے لیے ریوالور کا لائسنس جاری کیا تھا۔