ہیری اور میگھن کے بچے شاہی القابات سے محروم رہیں گے
لندن،ستمبر۔برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے بیٹے اور بیٹی کو شاہی القاب سے نوازا نہیں جائے گا۔ اس فیصلہ کے بعد ان کے والدین جلا وطن جوڑا ایک مرتبہ پھر شاہی خاندان سے ناراض نظر آیا ہے۔برطانوی اخبار ’’ دی سن‘‘ کے مطابق ہیری کے والد شاہ چارلس سوم نے اپنے پوتے تین سالہ آرچی اور ایک سالہ للی بیٹ کو جلد ہی ’’عزت ماٰب‘‘ شہزادہ اور شہزادی کا خطاب دینے پر رضا مندی ظاہر کی تھی۔لیکن اس حوالے سے ایک ہفتہ کی تلخیوں میں لپٹی بات چیت کے بعد انہوں نے دونوں بچوں کو عزت ماٰب شہزادہ اور شہزادی کے القاب دینے انکار کر دیا۔ انہیں القاب سے 2020 میں ان کے والدین ہیری اور میگھن کو اس وقت محروم کر دیا گیا تھا جب دونوں نے شاہی خاندان اور برطانیہ سے دستبرداری اختیار کر لی تھی۔صحافتی ذرائع نے اخبار کو بتایا کہ اس بات پر اتفاق ہے کہ یہ دونوں بچے شہزادہ اور شہزادی تو ہو سکتے ہیں مگر انہیں شاہی خاندان سے متعلق ’’عزت ماٰب‘‘ کا لقب نہیں دیا جا سکتا کیونکہ وہ دونوں شاہی امور میں مصروف خدمت نہیں ہیں۔اب ملکہ کی موت کے بعد یہ فیصلہ مزید پختہ ہو گیا کہ آرچی اور للی بیٹ شہزادہ اور شہزادی ہیں، لیکن ’’عزت ماٰب‘‘ نہیں۔ذرائع نے بتایا ہیری اور میگھن اس بات پر غصہ میں دکھائی دئیے کہ ان کے بچے اب شاہی خطاب حاصل نہیں کر سکتے۔یہ فیصلہ 8 ستمبر کو ملکہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد شہزادہ چارلس کے کنگ بننے کے بعد کے ہفتہ کے دوران ہونے والی تلخ بات چیت کے بعد کیا گیا ہے۔یاد رہے ہیری اور میگھن نے ڈرامائی انداز میں شاہی ذمہ داریوں سے کنارہ کش ہوکر برطانیہ کو چھوڑا اور 2020 میں کیلی فورنیا میں رہائش اختیار کر لی تھی۔