متحدہ عرب امارات میں سیاحت سے آمدن 5 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی:حاکمِ دبئی
دبئی،ستمبر۔متحدہ عرب امارات میں رواں سال کی پہلی شش ماہی کے دوران میں سیاحت سے حاصل ہونے والی آمدن 5 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔آیندہ موسم سرما میں جب ہمسایہ ملک قطر فٹ بال کے ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا تو سیاحت کے شعبے میں مزید آمدن کی توقع ہے۔متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے دارالحکومت ابوظبی میں کابینہ کے اجلاس کے بعد کہا کہ 2021 میں کووِڈ-19 سے متاثرہ ہوٹل کی صنعت نے ایک مرتبہ پھرزورپکڑا ہے اورہوٹلوں کے کمروں میں قیام پذیر افرادکی تعداد میں 40 فی صد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔یواے ای کے سرکاری خبر رساں ادارے وام کے مطابق شیخ محمد نے بتایا کہ 2022 کی پہلی شش ماہی میں ہمارے سیاحتی شعبے کی آمدنی 19 ارب درہم (5.2 ارب ڈالر)سے تجاوز کر گئی ہے۔یواے ای میں ہوٹلوں کے مہمانوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ بیس لاکھ تک پہنچ گئی اور یوں ہوٹل کی اقامت میں 42 فی صد اضافہ ہوا اور ہم موسم سرما کے اس موسم میں سیاحت کی مضبوط کارکردگی کی توقع کرتے ہیں۔دبئی آیندہ نومبراوردسمبر میں قطر میں ہونے والے فیفا عالمی کپ ٹورنا منٹ کے دوران میں بڑی تعداد میں فٹ بال شائقین کی میزبانی کی توقع کر رہا ہے۔دبئی ان خلیجی شہروں میں سے ایک ہے جوعالمی کپ کے دوران میں قطر آنے جانے کے لیے روزانہ شٹل پروازیں چلارہے ہیں۔اس طرح ہزاروں شائقین دولت مند ریاست سے باہر رہ کربھی میچوں میں شرکت کر سکتے ہیں۔گذشتہ ماہ بتایاگیا تھا کہ وبا کے بعد بین الاقوامی اسفارکی بحالی سے مسافروں کی آمد ورفت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔دنیا کے مصروف ترین دبئی ہوائی اڈے نے رواں سال کی پہلی شش ماہی میں دو کروڑ70 لاکھ مسافروں کو سنبھالا ہے۔ یہ تعداد2021 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 160 فی صد سے زیادہ ہے۔شیخ محمد نے کہا کہ رواں سال کی معاشی ترقی 22 فی صد سے تجاوزکر گئی ہے اور غیر ملکی تجارت کا حجم ایک کھرب درہم سے زیادہ ہے جبکہ قبل از وبا تجارتی حجم 840 ارب درہم تھا۔کابینہ نے الیکٹرک کارگو طیاروں کو’’صاف توانائی سے مکمل طور پر چلنے والے‘‘اور ایک نئے قانون کی بھی منظوری دی ہے جس کا مقصد سرکاری منصوبوں میں نجی شعبے کی شمولیت میں اضافہ کرنا ہے۔وام نے بتایا کہ یہ قانون "نجی شعبے کی ترقیاتی اور تزویراتی منصوبوں میں حصہ لینے، معاشی اور سماجی اقدار کے منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے‘‘کی حوصلہ افزائی کرے گا۔