روینہ ٹنڈن اور اکشے کمار کی محبت اور پھر خفیہ منگنی لیکن شادی کیوں نہ ہوسکی تھی؟ اندرونی کہانی منظرعام پر آگئی
ممبئی،ستمبر۔ بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن نے ایک بارانٹرویو میں اکشے کمار کے بارے میں کہا تھا کہ ’’اکشے ہر لڑکی کو پروپوز کر دیتا ہے اور وہ جس رفتار سے جا رہا ہے، جلد وہ ممبئی کی ہر چار میں سے تین لڑکیوں کے ماں باپ کو ممی اور ڈیڈ کہہ کر پکار رہا ہو گا۔‘‘گویا روینہ ٹنڈن اپنے سابق بوائے فرینڈ اکشے کمار کی فلرٹ اور بے وفائی کی عادت سے بخوبی آگاہ ہو چکی تھی۔ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ روینہ ٹنڈن اکشے کمار کی محبت میں اس قدر گرفتار تھیں کہ انہوں نے اکشے کے کہنے پر بالی ووڈ کو خیرباد کہہ دیا تھا اور دونوں نے خفیہ منگنی بھی کر لی تھی مگر مبینہ طور پر یہ اکشے کمار کی بے وفائی ہی تھی جس کی وجہ سے روینہ ٹنڈن نے ان سے راہیں جدا کر لیں۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سیمی گریوال سے انٹرویو میں روینہ ٹنڈن نے اکشے کمار کا نام لیے بغیر کہا کہ ’’میں اپنے ایک واقف کار شخص کے ساتھ منگنی کر چکی تھی اور میں یہی چاہتی تھی۔ میں اس آدمی کے ساتھ ایک نارمل زندگی گزارنا چاہتی تھی۔ اس کے کہنے پر میں نے اداکاری بھی چھوڑ دی تھی کیونکہ اس نے کہا تھا کہ تم اداکاری چھوڑ دو، جس دن تمہارا آخری شوٹ ہو گا اسی دن ہم شادی کر لیں گے۔‘‘روینہ ٹنڈن کہتی ہیں کہ ’’میں نے اداکاری چھوڑ دی مگر اس کا شادی کا وعدہ پورا نہ ہوا، جس پر کچھ عرصے بعد میں نے دوبارہ اداکاری شروع کر دی۔ چند سال بعد اس شخص نے مجھ سے دوبارہ کہا کہ میں اگر اداکاری چھوڑ دوں تووہ مجھ سے شادی کر لے گا۔ اس بار میں نے اسے کہا کہ میں ایک بار اپنے کیریئر پر تمہیں ترجیح دے چکی ہوں۔ اب میں تم پر اپنے کیریئر کو ترجیح دوں گی۔‘‘کہا جاتا ہے کہ اکشے کمار اور روینہ ٹنڈن کے درمیان محبت فلم ’مہرہ‘ کی شوٹنگ کے دوران پروان چڑھی، جس کے بعد دونوں نے خفیہ طور پر ایک مندر میں جا کر منگنی کر لی تھی۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ دونوں نے دراصل خفیہ شادی کر رکھی تھی تاہم دونوں کی طرف سے ہی اس کی کبھی تصدیق نہیں کی گئی۔ان کی منگنی 19اپریل 1995ء کو ہوئی تھی۔روینہ ٹنڈن نے انٹرویو میں اکشے کے ساتھ شادی کی افواہ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہماری شادی نہیں ہوئی تھی۔ مندر میں ہونے والی وہ تقریب دراصل منگنی کی تقریب تھی، جس میں شرکت کے لیے اکشے کمار کی فیملی دہلی سے ممبئی آئی تھی۔ اکشے کی فیملی میں سے ایک خاتون نے مجھے سرخ دوپٹہ اوڑھایا تھا، جس کی وجہ سے غالباً لوگوں نے ہماری اس منگنی کی تقریب کو شادی کی تقریب سمجھ لیا۔