جارجیا میں 1.8 ملین سال پرانا انسانی دانت دریافت

جارجیا،ستمبر۔ماہرین کو جارجیا میں 1.8 ملین سال پرانا ایک دانت ملا ہے، جس کا تعلق ابتدائی انسانی نسل سے ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق اس دریافت سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ افریقہ کے باہر یہ علاقہ یورپ کی قدیم ترین انسانی بستیوں میں سے ایک ہے۔جارجیا کے نیشنل ریسرچ سینٹر آف آرکیالوجی اینڈ پری ہسٹری کے مطابق دارالحکومت تبلیسی سے تقریباً ایک سو کلومیٹر جنوب مغرب میں عروزمانی گاؤں کے قریب ایک قدیم دانت دریافت ہوا ہے۔ عروزمانی کے قدیم کھنڈرات میں پتھر کے زمانے میں استعمال ہونے والے اوزار اور جانوروں کی باقیات تو پہلے بھی مل چکی ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ وہاں ہومو ایریکٹس کی باقیات پائی گئی ہیں۔عروزمانی گاؤں دمانیسی قصبے کے قریب واقع ہے، جہاں 1990ء کی دہائی کے آخر اور 2000ء کی دہائی کے اوائل میں 1.8 ملین سال پرانی انسانی کھوپڑیاں ملی تھیں۔
انسانی تاریخ میں جارجیا کا مقام:ماہرین آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ دمانیسی سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر ہونے والی انسانی دانت کی حالیہ دریافت اس حوالے سے مزید ثبوت فراہم کرتی ہے کہ جنوبی قفقاذ کا پہاڑی علاقہ ممکنہ طور پر ان اولین جگہوں میں سے ایک تھا، جہاں ابتدائی انسان افریقہ سے ہجرت کے بعد آباد ہوئے تھے۔جارجیا کے نیشنل ریسرچ سینٹر آف آرکیالوجی اینڈ پری ہسٹری کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے، عروزمانی اور دمانیسی کا علاقہ افریقہ سے باہر دنیا کے قدیم انسان یا ابتدائی ہومو کی قدیم ترین بستیوں یا پھر مراکز کی نشان دہی کرتا ہے۔‘‘کھدائی کرنے والی ٹیم کے رہنما جیورگی بیڈزیناشویلی کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کے خیال میں یہ دانت زیزوا اور میزیا کے کزن‘‘ کا ہے۔ یہ دونوں نام دمانیسی میں 1.8 ملین سال قدیم ملنے والی دو کھوپڑیوں کو دیے گئے تھے۔ آثار قدیمہ کے برطانوی طالب علم جیک پرٹ، جس نے عروزمانی میں یہ دانت دریافت کیا، کا کہنا ہے، یہ دریافت نہ صرف اس علاقے اور جارجیا بلکہ قدیم انسان کی تاریخ پر بھی اثرات مرتب کرے گی۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، اس سے انسانی تاریخ کے حوالے سے جارجیا کا مقام مزید مستحکم ہو گا۔‘‘دنیا میں کہیں بھی قدیم ترین ہومو فوسلز تقریباً 2.8 ملین سال پہلے کے ہیں۔ یہ ایک جزوی جبڑا تھا، جسے جدید دور کے ایتھوپیا میں دریافت کیا گیا تھا۔

 

Related Articles