اقوام متحدہ کا شیریں ابو عاقلہ کے قتل کی جامع تحقیقات کا مطالبہ

نیویارک،اگست۔اقوام متحدہ نے جرم کے 100 دن بعد ایک بار پھر فلسطینی نڑاد امریکی صحافی شیریں ابو عاقلہ کے قتل کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔یہ بات نیویارک میں انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے مستقل ہیڈ کوارٹر میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران سامنے آئی۔صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کے واقعے کی بین الاقوامی تحقیقات کے بارے میں موقف کے بارے میں فرحان حق نے کہا کہ شیرین ابو عاقلہ کے قتل پر ہمارا موقف تبدیل نہیں ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اب بھی چاہتے ہیں کہ ایک جامع تحقیقات کی جائیں اور ہم چاہتے ہیں کہ اس قتل میں ملوث افراد کا احتساب کیا جائے۔اس بارے میں کہ آیا گوٹیرس ابو عاقلہ کے قتل کی بین الاقوامی فوجداری عدالت کی تحقیقات کی حمایت کرتے ہیں حق نے کہا کہ ہم ان تحقیقات کی حمایت کرتے ہیں جو متعلقہ فریقوں کی طرف سے قبول کی جائیں۔11 مئی کو قابض فوج نے فلسطینی صحافی ابو عاقلہ کو شمالی مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین میں دھاوے کی کوریج کے دوران اسرائیلی فوج نے گولی مار کر شہید کردیا تھا۔ابو عاقلہ کے اہل خانہ نے گذشتہ ماہ امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن سے ملاقات کے دوران اس کی آزادانہ تحقیقات کرنے اور اسرائیل کا محاسبہ کرنے پر زور دیا۔

 

Related Articles