اکشے کمار نے بالآخر اپنی کینیڈین شہریت کے بارے میں خاموشی توڑ دی

ممبئی،اگست۔ بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کا تشخص وزیراعظم نریندرمودی کی حکومت آنے کے بعد سے ایک ہندوقوم پرست اداکار کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے اس دوران ’دیش بھگتی‘ پر مبنی کئی فلمیں بھی بنائیں اور اپنے انٹرویوز میں قوم پرستی کی بھرپور حمایت بھی کی۔ تاہم لوگوں کو یہ سن کر سخت حیرت ہوگی کہ دوسروں کو قوم پرستی کا سبق دینے والے اکشے کمار کے پاس بھارتی شہریت بھی نہیں ہے بلکہ وہ کینیڈا کے شہری ہیں۔ چونکہ بھارت اپنے شہریوں کو دہری شہریت کی اجازت نہیں دیتا۔ جس بھارتی شہری کو کسی دوسرے ملک کی شہریت حاصل کرنی ہوتی ہے، پہلے اسے اپنی بھارتی شہریت سے دستبردار ہونا پڑتا ہے۔ چنانچہ اکشے کمار بھی کینیڈین شہریت کے لیے اپنی بھارتی شہریت چھوڑ چکے ہیں۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اکشے کمار نے پہلی بار اپنی کینیڈین شہریت کے بارے میں بات کی ہے۔اکشے کمار کا کہنا تھا کہ ’’چند سال قبل میری فلمیں کامیاب نہیں ہو رہی تھیں۔ میری لگ بھگ 14، 15فلمیں پے درپے ناکام ہوئیں۔ تب میں نے سوچا کہ مجھے کسی اور جگہ منتقل ہو جانا چاہیے اوروہاں کام کرنا چاہیے۔ چونکہ کافی لوگ کام کے لیے کینیڈا جاتے ہیں۔ لہٰذا میں بھی کینیڈا گیااور وہاں کی شہریت لینے کے لیے درخواست دی اور مجھے شہریت مل گئی۔ ‘‘

Related Articles