ثنا خان سے متاثر ہوکر بگ باس سے شہرت پانیوالی مہ جبیں صدیقی نے بھی شوبز سے کنارہ کشی کرلی
ممبئی،جولائی۔ معروف رئیلٹی شو ’بگ باس‘ کے سیزن 11سے شہرت پانے والی مہ جبیں صدیقی شوبز سے کنارہ کش ہوکر اسلام کی راہ پر گامزن ہوئیں۔اب وہ حجاب پہنتی ہیں ، حتیٰ کہ جم میں ورزش کے وقت بھی وہ حجاب میں رہتی ہیں۔انڈیا ٹائمز کے مطابق مہ جبیں صدیقی نے رواں سال فروری میں سابق بالی ووڈ اداکارہ ثناءخان سے متاثر ہو کر شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ اس اعلان پر مبنی سوشل میڈیا پوسٹ میں مہ جبیں نے لکھا تھا کہ ’’میں دو سال سے پریشان تھی کہ ایسا کیا کروں جس سے مجھے سکون مل جائے، میں نے محسوس کیا کہ میں اپنی اصل زندگی کو بھلا کر دکھاوے کی زندگی جی رہی تھی۔ تب مجھے سمجھ آئی کہ اللہ کی نافرمانی کرکے انسان کو کبھی سکون نہیں مل سکتا۔ لوگوں کو خوش کرنے کے لیے آپ کچھ بھی کر لیں، وہ آپ کی قدر نہیں کرتے۔ اس سے بہتر ہے کہ آپ اپنے وقت کو اللہ کو خوش کرنے میں لگائیں۔‘‘رپورٹ کے مطابق مہ جبیں نے جم سے اپنی کچھ تصاویر اور ویڈیوز اپنے سوشل میڈیا اکآنٹس پر پوسٹ کی ہیں جن میں اسے حجاب میں وزن اٹھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ مہ جبیں اپنا عبائیہ خود سلائی کرتی ہیں۔ انہوں نے اپنی عبائیہ سلائی کرنے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کر رکھی ہیں۔ ‘‘