خاتون کو اپنا لاپتہ کتا بلآخر 8 سال بعد مل گیا
فلوریڈا ،جولائی۔امریکا میں خاتون کو اپنا لاپتہ کتا بلآخر 8 سال بعد مل گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیٹسی دی ہان نامی خاتون نے 2013 میں امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے لی کاؤنٹی میں پالتو کتوں کی ایک ایجنسی سے ہارلی نامی کتے کو گود لیا تھا لیکن تقریباً ایک سال بعد وہ گھر کے باہر سے اچانک غائب ہو گیا۔خاتون کا کہنا ہے کہ اچانک لاپتہ ہونے کے بعد ہم نے کتے کی تلاش شروع کی اور ہر جگہ گمشدگی کے پوسٹر لگائے لیکن ہمیں کامیابی نہیں ملی۔تاہم میں اورمیرا خاندان دوسرے شہر منتقل ہوگیا اور مجھے اب ہارلی کے ملنے کی کوئی توقع نہ تھی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں لی کاؤنٹی میں جانوروں کو ریسکیو کرنے والے مرکز سے ایک خاندان نے رابطہ کیا جس نے فورٹ مائرز کے علاقے میں ایک بھورے رنگ کے کتے کو سست حالت میں گھومتے ہوئے دیکھا۔حکام کے مطابق ریسکیو اہلکار کتے کو ڈاکٹر کے پاس لے گئے، جہاں جانوروں کی شناخت کرنے والی مائیکرو چپ نے اس کی شناخت ہارلی کے نام سے کی اور بعد ازاں حکام کی جانب سے خاتون مالکن سے رابطہ کیا گیا۔8 سال بعد اپنے پالتو کتے سے ملنے کے بعد خاتون کا کہنا تھا کہ ہارلی کا دوبارہ ملنا ایک معجزے سے کم نہیں ہے۔اس موقع پر خاتون جذباتی بھی دکھائی دیں۔واضح رہے کہ یہ معلوم نہ ہوسکا کہ یہ کتا 8 سال تک کہاں رہا۔