دروپدی مرمو انتخابی مہم تشہیر کے لیے اروناچل پردیش پہنچیں
ایٹا نگر، جولائی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیر قیادت نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی صدارتی امیدوار دروپدی مرمو بدھ کے روز شمال مشرقی سرحدی ریاست اروناچل پردیش پہنچیں اور 18 جولائی کو ہونے والے آئندہ صدارتی انتخابات میں اپنے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ جھارکھنڈ کے سابق گورنر نے یہاں ریاستی گولڈن جوبلی بینکٹ ہال میں حکمراں بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ، ایم ایل اے اور وزراء کے ساتھ ساتھ این ڈی اے کی اتحادی نیشنل پیپلز پارٹی اور جنتا دل (یونائیٹڈ) کے لیڈروں سے بند کمرے میں ملاقات کی اور ان سے تعاون طلب کیا۔ بعد میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، محترمہ مرمو نے اروناچل پردیش کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا، اروناچل پردیش کا دورہ کرکے خوشی ہوئی، یہ بہت خوبصورت ریاست ہے۔