متحدہ عرب امارات:کووِڈ-19کے 1796 نئے کیسوں کی تصدیق، کوئی نئی ہلاکت نہیں

دبئی،جولائی۔متحدہ عرب امارات نے ہفتے کے روزکووِڈ-19 کے1796 نئے کیسوں کا اعلان کیا ہے۔یواے ای کی نیشنل ایمرجنسی کرائسیس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این سیما) کے اعدادوشمار کے مطابق ملک میں اس وقت کل فعال کیسوں کی تعداد 17,551 ہے اور وبا کے آغاز سے اب تک کووِڈ-19 کے تشخیص شدہ کیسوں کی کل تعداد 949,384 ہو گئی ہے۔یواے ای میں گذشتہ 24 گھنٹے میں 232,943 نئے ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ان ہی سے نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ہفتے کے روز وائرس سے کوئی موت ریکارڈ نہیں کی گئی۔ متحدہ عرب امارات میں کووِڈ-19 سے 2317 مجموعی اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔گذشتہ 24 گھنٹے میں یواے ای میں 1727 مریض صحت یاب ہوئے جس سے کووِڈ-19 سے صحت یاب ہونے والے کیسوں کی تعداد 9لاکھ 29 ہزار 516 ہو گئی ہے۔این سیما نے 13 جون کو اعلان کیا تھاکہ ماسک پہننے کے پروٹوکول کی خلاف ورزی کے مرتکبین پرجرمانہ عاید کیا جائے گا۔اس کے علاوہ کرونا وائرس کے کیسوں میں اضافے کے بعد الحوسن ایپ پر گرین پاس سسٹم کے مطابق سخت قوانین کانفاذ کیا جائے گا۔این سیما کا کہنا تھا کہ اس نے حال ہی میں ’’کچھ رویوں کی نگرانی کی ہے جومعاشرے اور صحت عامہ کے لیے خطرہ بن گئے ہیں‘‘۔اس نے ان لوگوں کا حوالہ دیا تھا جو کووِڈ-19 احتیاطی اورروک تھام کے اقدامات پرعمل نہیں کرتے اور کس طرح وہ بحالی کی کوششوں پر’’منفی‘‘اثر ڈال رہے ہیں۔اتھارٹی کے ترجمان نے بریفنگ میں کہاکہ احتیاطی تدابیر پرعمل کرنے میں غفلت،بے پروائی اور صحتِ عامہ کو برقراررکھنے میں ناکامی کے نتیجے میں انفیکشن کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور وائرس کی نئی لہرشروع ہوئی ہے۔اتھارٹی نے بندعوامی جگہوں پر ماسک پہننے کی ضرورت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ لازمی ہے اور اس قاعدے پرعمل نہ کرنے والوں پر816 ڈالر (3000 اماراتی درہم) تک جرمانہ عاید کیاجائے گا۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق گذشتہ ہفتے کے دوران میں عالمی سطح پر41 لاکھ سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ تاہم اس نے مزیدکہا ہے کہ دنیا بھرمیں اموات کی تعداد اس سے گذشتہ ہفتے جتنی ہی رہی ہیں اور ان کی تعداد 8500 کے لگ بھگ رہی ہے۔کووِڈ سے متعلق اموات میں تین خطوں مشرقِ اوسط، جنوب مشرقی ایشیا اور امریکا میں اضافہ ہوا ہے۔

 

Related Articles