منی پور میں لینڈ سلائیڈنگ میں دو جوانوں کی موت، 20 لاپتہ
امپھال، جون ۔منی پور کے نونی ضلع میں بدھ کی نصف شب بڑے پیمانے پر مٹی کے تودے گرنے سے علاقائی فوج (ٹی اے) کے دو جوانوں کی موت ہوگئی جبکہ 13 دیگر کو بچا لیا گیا۔ اس کے علاوہ 20 افراد لاپتہ ہیں۔ فوج، آسام رائفلز، منی پور پولیس اور مقامی لوگوں نے بڑے پیمانے پر بچاؤ اور ریلیف آپریشن شروع کردیا ہے۔ جمعرات کو ایک دفاعی اہلکار نے کہا کہ موسم صاف ہونے کے بعد ہیلی کاپٹروں کو امدادی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اس حادثے میں دو جوڑے اور ایک بچہ بھی لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ امپھال سے تقریباً 50 کلومیٹر دور نونی ضلع میں بہنے والی ایزی ندی بھی اسے متاثر ہوگئی۔ ایک دفاعی اہلکار نے بتایا کہ جیری بام کو امپھال سے جوڑنے والی ایک زیر تعمیر ریلوے لائن کی حفاظت کے لئے ہندوستانی فوج کے 107 علاقائی فوجی جوانوں کو نونی ضلع کے توپل ریلوے اسٹیشن کے قریب تعینات کیا گیا تھا۔ اسی دوران ان کا کیمپ لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گیا۔ انہوں نے کہا کہ موقع پر موجود انجینئرز اور آلات کو امدادی کارروائیوں میں لگا دیا گیا ہے، تمام زخمیوں کا نونی کے آرمی میڈیکل یونٹ میں علاج کیا گیا۔ شدید زخمیوں کو امپھال بھیجا جائے گا۔ تازہ لینڈ سلائیڈنگ اور خراب موسم کی وجہ سے راحت اور بچاؤ کے کاموں میں رخنہ پڑ رہا ہے۔ ہیلی کاپٹروں اور اہلکاروں نے امدادی کارروائیوں کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔