برٹش ائر ویز، ہیتھرو اسٹاف نے تنخواہ کے مسئلہ پر موسم گرما میں ہڑتالوں کی حمایت کردی
لندن ،جون۔ برٹش ائر ویز کے ہیتھرو اسٹاف نے تنخواہ کی کٹوتی کے معاملے پر موسم گرما کی ہڑتالوں کی حمایت کردی۔ ائر پورٹ کے سیکڑوں ورکرز نے تنخواہ کے معاملے پر ہڑتال کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ یونائٹ اور جی ایم بی یونین کے ارکان نے جو زیادہ تر چیک اِن اسٹاف ہے جمعرات کو ہڑتال کی حمایت کی ہے، موسم گرما کی تعطیلات کے دوران مجموعی طور پر700 ورکرز ہڑتال کے لیے تیار ہیں، جب سیاحوں کی طلب کا وبا سے پہلے کی سطح کے نزدیک ہونے کا امکان ہے، یونینوں کا کہنا ہے کہ کارروائی وبا کے عروج کے دوران تنخواہ میں10فیصد کٹوتی کی وجہ سے ہے جو بحال نہیں کی جارہی ہے۔ یونائٹ کے کوئی500 ارکان نے ہڑتال کے حق میں94اعشاریہ7فیصد ووٹ دیئے ہیں جب کہ جی ایم بی کے95فیصد ارکان نے واک آئوٹ کی حمایت کی ہے۔ ہڑتال کی تاریخوں کی تصدیق آنے والے دنوں میں کی جائے گی۔ جی ایم بی نے دعویٰ کیا ہے کہ برٹش ائر ویز کے دوسرے ورکرز کو10فیصد بونس دیا گیا ہے، چیک اِن اسٹاف کو کچھ نہیں ملا ہے۔ بی اے نے کہا ہے کہ اسے ووٹنگ کے نتائج سے مایوسی ہوئی ہے۔ 4ارب پونڈ سے زائد کے نقصانات اور انتہائی چیلنج والے ماحول کے باوجود ہم نے10فیصد ادائیگی کی پیش کش کی ہے جسے دوسرے ساتھیوں کی اکثریت نے قبول کرلیا ہے۔ ائر لائن نے کہا ہے کہ اس نے مسئلے کا حل ڈھونڈنے کے لیے یونینوں کے ساتھ مذاکرات کا عزم کر رکھا ہے۔ یونائٹ آفیسررس بال نے بی اے پر الزام لگایا ہے کہ اس نے منیجرز کی تنخواہ کی بحالی کرکے دوسرے ورکرز کی توہین کی ہے۔ دریں اثناء جی ایم بی نیشنل آفیسر نیڈن ہووٹن نے کہا ہے کہ موسم گرما کی تعطیلات بچانے کے لیے ابھی دیر نہیں ہوئی ہے۔ ڈائوننگ اسٹریٹ نے دونوں فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلے کا حل ڈھونڈنے کے لیے مل کر بیٹھیں، ہڑتال سے مسافروں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ نمبر ٹین کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت کی توقع ہے کہ بی اے بگاڑ کو کم سے کم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے گی۔ جیف پائن ہیتھرو کے ٹرمنل5پر بی اے سپروائزر کے طور پر کام کرتا تھا، تاہم اگست2020ء میں رضاکارانہ طور پر دستبردار ہوگیا تھا۔ اس نے ائر لائن کے لیے24سال کام کیا اور اس کا کہنا ہے کہ اس کے پاس بی اے میں واپس آنے کا آپشن ہے، تاہم اس نے اس کے خلاف فیصلہ کیا۔ اسے پرانی ملازمت کے لیے کم رقم کی پیش کش کی گئی تھی، اس نے کہا کہ اسے یقین ہے کہ بی اے ایک عظیم کمپنی ہے، تاہم اس کے باسز کو اسے بہتر طور پر چلانے کی ضرورت ہے۔ پلاٹینم جوبلی اور اسکول ہاف ٹرم ہالیڈیز کے دوران برطانیہ بھر میں سیکڑوں پروازیں منسوخ کی گئیں اور موسم گرما کے دوران مزید سفری تکالیف کے خدشات ہیں۔ ہیتھرو ائر پورٹ نے مسافروں کی اپنی سالانہ پیشگوئی ایک بار پھر بڑھا دی ہے۔ برطانیہ کے سب سے بڑے ائر پورٹ کا کہنا ہے کہ اسے اپنے ٹرمینلز سے54اعشاریہ4ملین مسافروں کے سفر کی توقع ہے۔