ماہی گیر نے دنیا کی اب تک کی سب سے بڑی اسٹنگرے مچھلی پکڑ لی
پنوم پن ،جون۔ماہی گیر نے دنیا کی اب تک کی سب سے بڑی اسٹنگرے مچھلی پکڑ لی۔رپورٹس کے مطابق 13 جون کی رات کو کمبوڈیا میں دریائے میکونگ پر واقعہ کوہ پریہ جزیرے پر ایک مقامی ماہی گیر نے محققین کو یہ بتانے کے لیے فون کیا کہ اس نے ایک بہت بڑی اسٹنگرے مچھلی پکڑی ہے جو 3.98 میٹر لمبی اور 2.2 میٹر چوڑی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ کمبوڈیا میں دریائے میکونگ میں پکڑی گئی 300 کلوگرام کی اسٹنگرے میٹھے پانی کی اب تک کی سب سے بڑی مچھلی ہے۔اطلاعات کے مطابق دریائے میکونگ میں پکڑی جانے والی اس مچھلی نے 2005 میں تھائی لینڈ میں پکڑی گئی 293 کلو گرام کی بڑی کیٹ فش کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی میٹھے پانی کی مچھلی کا کوئی سرکاری ریکارڈ یا ڈیٹا بیس موجود نہیں ہے۔رپورٹس کے مطابق ماہر حیاتیات زیب ہوگن کا کہنا ہے کہ 6 براعظموں کے دریاؤں اور جھیلوں میں بڑی مچھلیوں پر تحقیق کے 20 سالوں میں دریائے میکونگ میں پکڑی گئی یہ میٹھے پانی کی اب تک کی سب سے بڑی مچھلی ہے جس کا ہم نے سامنا کیا ہے۔تاہم بعد ازاں حکام نے مستقبل کی نقل و حرکت کو ٹریک کرنے کے لیے ایک ٹیگ لگانے کے بعد اسٹنگرے مچھلی کو واپس دریا میں چھوڑ دیا۔رپورٹس کے مطابق مقامی خمیر زبان میں مچھلی کو ‘بورامی’ کہا جاتا ہے جس کا مطلب پورا چاند ہے۔