براہماستر: کہیں ویڑوول افیکٹس کی تعریف، کہیں موضوع پر تنقید

ممبئی،جون۔بالی وڈ اداکار رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی فلم ‘براہماستر’ کے پہلے حصے ‘شیوا’ کا آفیشل ٹریلر ریلیز کر دیا گیا ہے۔ یہ فلم عالیہ اور رنبیر کی ایک ساتھ پہلی فلم ہے۔’براہماستر’ نو ستمبر 2022 کو سنیما گھروں کی زینت بنی گی۔ مداح اس فلم کا طویل عرصے سے انتظار کر رہے ہیں۔فلم میں اداکار رنبیر کپور نے ‘شیوا’ اور عالیہ بھٹ نے ‘ایشا’ کا کردار ادا کیا ہے، اس کے علاوہ امیتابھ بچن اور موئنی رائے نے بھی ‘براہماستر’ میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔’براہماستر’ کی ہدایت ایان مکھرجی نے دی ہے جب کہ اسے کرن جوہر کی ‘دھرما پروڈکشنز’ کے بینر تلے بنایا گیا ہے۔خبر وںکے مطابق ‘براہماستر’ تین حصوں پر مشتمل فلم ہے جو ہندی زبان کے ساتھ ساتھ تامل، تیلگو، ملیالم اور کناڈا میں بھی ریلیز کی جائے گی۔ڈرامہ اور افسانوی فلم ‘براہماستر’ کی کہانی ہندوستانی افسانوں کے تصورات کے گرد گھومتی ہے۔ہندو روایات کے مطابق ‘براہماستر’ ایک طاقت ور اور تباہ کن ہتھیار ہے جو پوری کائنات کو ختم کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔ یہ ہندو دیوتا ‘برہما’ نے بنایا ہے۔فلم کے ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ رنبیر (شیوا) اپنی غیر معمولی صلاحیتوں سے لا علم ہوتا ہے۔ ‘براہماستر’ میں ویڑوول افیکٹس سے بھرپور ایکشن اور ساتھ ہی رومانوی عنصر بھی شامل ہے۔عالیہ اور رنبیر کی فلم کا ٹریلر سامنے آتے ہی فلم ناقدین سمیت مداحوں کی جانب سے ملے جلے ردِ عمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔شبھم دت کہتے ہیں کہ "فلم کی اسٹوری لائن اچھی لگ رہی ہے جب کہ اس کے ویڑوولز شان دار ہیں اور وہ فلم کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔”ٹیکنو روہیز کے بقول "میں نے بھارتی سنیما میں اس سے بہتر ویڑوول افیکٹس فلم نہیں دیکھی۔”سدھارتھ نامی صارف کا کہنا ہے کہ یہ فلم ان تمام لوگوں کے لیے جواب ہے جنہوں نے بھارت کے ویڑوول افیکٹس کی صلاحیتوں پر شک کیا۔فلمی تجزیہ کار کومل ناہتا کا کہنا ہے کہ ہندی سنیما اور انٹرٹینمنٹ میں پہلے ایسا کبھی نہیں دیکھا گیا۔البتہ فلم ناقد کما آر خان نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ میں کرن جوہر اور ایان مکھرجی کی اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ براہماستر دنیا میں رہنے والے انسانوں کے لیے نہیں بنی ہے۔ ان کے بقول یہ فلم تو مریخ اور مشتری پر رہنے والی مخلوق کے لیے بنی ہے۔’براہماستر’ کا ٹریلر ریلیز ہونے سے ایک روز قبل عالیہ نے اپنے چاہنے والوں کو پیغام دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ یہ ہم سب کے لیے بہت بڑا لمحہ ہے، ہم سب بہت پر جوش ہیں اور میں ایک ہفتے سے ٹھیک سے نہیں سوئی کیوں کہ میں بہت پریشان تھی۔عالیہ بھٹ نے کہا کہ وہ ‘براہماستر’ کے ٹریلر کو 25 سے 30 بار دیکھ چکی ہیں۔فلم سے متعلق رنبیر کپور نے بھی منگل کو ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ اس فلم کے لیے ہم نے اپنا خون پسینہ ایک کر کے اپنا سب کچھ دے دیا ہے۔یاد رہے کہ ‘براہماستر’ کا اعلان 2014 میں کیا گیا تھا۔ فلم کی عکس بندی 2018 سے 2022 کے دوران کی گئی۔ کرونا کی وجہ سے فلم کی پروڈکشن اور ریلیز متعدد بار تاخیر کا شکار ہوئی۔

Related Articles