نائب صدر وینکیا نائیڈو نے دوحہ میں قطر کے وزیر اعظم سے ملاقات کی
دوحہ،جون ۔ نائب صدر وینکیا نائیڈو نے دوحہ میں قطر کے وزیر اعظم شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز آل ثانی کے ساتھ وفد کی سطح پر بات چیت کی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے کہا کہ دونوں فریقین نے وفود کی سطح پر بات چیت کی اور دو طرفہ تعلقات بشمول تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی اور سیکورٹی تعاون کا جائزہ لیا۔وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق نائیڈو نے ہندوستان سے نائب صدر کی سطح کے پہلے قطر کے دورے پر خوشی کا اظہار کیا۔ دونوں فریقوں نے 2015 میں قطر کے امیر کے ہندوستان کے تاریخی دورے اور 2016 میں وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ قطر کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل اور اعلیٰ ترین سطح آمدورفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔بیان میں کہاگیا ہے کہ انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اعلیٰ سطحی شراکت داری جاری رہنی چاہیے، جس میں امیر قطر کا ہندوستان کا جلد دورہ بھی شامل ہے۔ دونوں فریق اس سال کے آخر میں منعقد ہونے والے وزیر خارجہ کی سطح کے مشترکہ کمیشن کے انعقاد کے بھی منتظر ہیں۔ ساتھ ہی دونوں فریقین نے دوطرفہ پارلیمانی تبادلوں کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔بیان کے مطابق قطر کے وزیر اعظم شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز آل ثانی نے وفد کی سطح کی بات چیت کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ان تاریخی تعلقات کو یاد کیا جو باہمی اعتماد پر مبنی ہیں اور قطر کی ترقی میں ہندوستانی برادری کے تعاون کی تعریف کی۔ قطر یونیورسٹی میں انڈین اسٹڈیز کے لیے آئی سی سی آر چیئر قائم کرنے اور اے این آئی اور قطر نیوز ایجنسی نے بھی دو طرفہ میڈیا تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔وزارت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بات چیت کے دوران دونوں فریقوں نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا گیا۔ قطر کے وزیر اعظم الثانی نے ہندوستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع کے بارے میں دریافت کیا۔ نائب صدر نائیڈو نے قطری فریق کو انفراسٹرکچر، فزیکل اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی، توانائی اور دفاع سمیت کئی شعبوں میں اہم مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔دریں اثنا، نائب صدر نائیڈو نے دوحہ میں انڈیا-قطر بزنس فورم کی میٹنگ میں شرکت کی اور ‘انڈیا-قطر اسٹارٹ اپ برج’ کا افتتاح کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور قطر کے درمیان دو طرفہ تجارت 2021-22 کے دوران 15 بلین امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ کاروبار پر توانائی کا غلبہ ہے۔ ہماری توجہ اب اپنے کاروبار کو وسعت دینے اور متنوع بنانے پر ہے۔ قطر میں 15,000 سے زیادہ ہندوستانی کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں۔