امبرہرڈ کا ہتک عزت کیس ہارنے کے بعد انتہائی مایوسی کا اظہار
لاس اینجلس،جون.ہولی وڈ اداکارہ امبرہرڈ نے سابق شوہرجونی ڈیپ کے خلاف ہتک عزت کا کیس ہارنے کے بعد پہلی سوشل میڈیا پوسٹ میں فیصلے پر انتہائی مایوسی کا اظہارکیا ہے۔امریکی عدالت نے ہتک عزت کیس میں ہولی وڈ اداکارکی سابقہ اہلیہ کے الزامات کو بیبنیاد قرار دیتے ہوئے جونی کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔جیوری نے گزشتہ روزسنائے جانے والے فیصلے میں کہا کہ امبرہرڈ جونی ڈیپ کو ڈیڑھ کروڑ ڈالرہرجانہ ادا کریں کیونکہ انہوں نے سابقہ شوہرکو اس مقدمے میں بدنام کیا۔عدالتی فیصلے سے غیرمطمئن امبرنے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ کہا کہ جتنی مایوسی میں نے آج محسوس کی اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا، میں دل شکستہ ہوں کہ اتنے زیادہ ثبوت بھی طاقت اوراثرورسوخ کا مقابلہ کرنے کے لیے ناکافی تھے۔امبرکے مطابق وہ اس حوالے سے اوربھی زیادہ ناامید ہیں کہ یہ فیصلہ دوسری خواتین کے لیے کیا معنی رکھتا ہے، یہ ایک بڑا دھچکا ہے۔اداکارہ نے مزید کہا کہ میں پْریقین ہوں جونی کے وکیل جیوری سے آزادیٔ اظہار کے اہم مسئلے اور ثبوتوں کو نظر انداز کروانے میں کامیاب ہوگئے جو کہ ایسے تھے کہ ہم لندن میں جیت گئے تھے۔امبرکے مطابق ، ’میں کیس ہارنے پر غمزدہ ہوں لیکن اس سے بھی زیادہ دکھ اس بات کا ہے کہ امریکی ہونے کے باجود میں نے کھل کر اورآزادانہ بات کرنے کا حق کھو دیا ہے۔امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ کی ملاقات سال2011میں فلم ’ دی رم ڈائری ’ کے سیٹ پرہوئی تھی، دوستی کے بعد دونوں 2015 میں ایک ہوئے اور یہ شادی صرف2سال چلنے کے بعد 2017 میں طلاق پرختم ہوئی۔