اوم پوری کی اہلیہ نے کے کے کی موت کا ذمہ دار کسے ٹھہرایا
ممبئی،جون۔ بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار اوم پوری کی اہلیہ نندیتا پوری نے گلوکار کرشناکمار کنّاتھ المعروف کے کے کی موت کا ذمہ دار مغربی بنگال کی حکومت کو قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ گلوکار کے کے منگل کی شب جنوبی کولکتہ میں ایک کالج کے فیسٹول میں پرفارمنس کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے تھے۔اس حوالے سے بین الاقوامی شہرت یافتہ اور بالی ووڈ کے سابق اداکار آنجہانی اوم پوری کی اہلیہ نے ان کی موت پر ایک نوٹ شیئر کیا جس میں کہا کہ کولکتہ حکومت نے کے کے کو مارا ہے۔ یہ بات نندیتا نے اس تناظر میں کہی ہے جس کے مطابق کے کے کی موت کے چند گھنٹوں بعد سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں کے کے ایک تولیے سے مسلسل اپنا چہرہ صاف کررہے تھے اور ساتھ ہی وینیو میں لگے ایئر کنڈیشنگ سسٹم کی شکایت کرتے نظر آرہے ہیں۔ اپنے فیس بک پیج پر نندیتا نے تحریر کیا کہ مغربی بنگال کی حکومت کو نظرل منچ میں لگے ریاستی ادارے کے ناقص ایئرکنڈیشنرز پر شرم آنی چاہیے۔ سات ہزار افراد کی گنجائش کے ہال میں صرف 2.5 طاقت کا اے سی جو کہ اسے ٹھنڈا رکھنے میں ناکام رہا۔کے کے نے مسلسل پسینہ صاف کرتے ہوئے چار بار اس کی شکایت بھی کی لیکن کچھ نہیں کیا گیا، جس سے ان کی حالت خراب ہوئی۔ جبکہ وہاں کوئی پیرا میڈکس، فرسٹ ایڈ کچھ بھی نہیں تھا، اور ان کی جان بچانے کے انتہائی اہم لمحات ضائع ہوگئے۔ اس پر سی بی آئی کو انکوائری کرنا چاہیے جبکہ بالی ووڈ کو مغربی بنگال میں اس وقت تک پرفارمنس کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔اوم پوری کی اہلیہ نے کے کے کی موت کا ذمہ دار کسے ٹھہرایا