ہندوستان کے سروس سیکٹر کی سرگرمیاں 11 سال کی بلند ترین سطح پر
نئی دہلی ،جون ۔ معیشت کی ماہانہ سرگرمیوں کا جائزہ لینے والے ایک ماہانہ سروے کی تازہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں سروس سیکٹر کی ترقی کی شرح مئی 2022 میں مانگ میں بہتری آنے اور نئے کاروبار کی توسیع کے سبب 11 سال کی بلند ترین سطح پر رہی ۔ ایس اینڈ پی گلوبل کی اس سروے رپورٹ کے مطابق ہندوستان کا سروس سیکٹر کا پرچیزنگ مینیجرز انڈیکس (پی ایم آئی) مئی میں بڑھ کر 58.9 پوائنٹ رہا ، جو 11 برسوں میں اس کی بلند ترین سطح ہے ۔ اپریل میں پی ایم آئی 57.9 تھا ۔ انڈیکس کا 50 پوائنٹ سے اوپر سرگرمیوں میں توسیع اور اس کے نیچے گراوٹ کی نشاندہی کرتا ہے۔ ایس اینڈ پی گلوبل کی اس سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کووڈ-19 کے اثرات کم ہونے اور لاک ڈاؤن کھلنے کے بعد معاشی سرگرمیوں میں بہتری کے درمیان ہندوستان کا سروس سیکٹر مسلسل مضبوط ہو رہا ہے۔ مئی میں اس سیکٹر کی سرگرمیاں اپریل 2011 کے بعد اپنی بلند ترین سطح پر رہی ۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ کووڈ 19 لاک ڈاؤن کھلنے کے بعد مانگ میں مسلسل بہتری آنے کے ساتھ ساتھ نئے کاروبار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔