سڑکوں کو خوبصورت بنانا حکومت کا مقصد: کیجریوال
نئی دہلی، مئی۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ ان کا مقصد دارالحکومت کی سڑکوں کو بہت خوبصورت بنانا ہے اور اس کے تحت پہلے مرحلے میں محکمہ تعمیرات عامہ کی 500 کلومیٹر لمبی سڑکوں کو یورپی معیارات کے حساب سے ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔منگل کو مسٹر کیجریوال نے پائلٹ پروجیکٹ کے تحت خوبصورت بنائی جارہی پیتم پورہ میں واقع برٹانیہ چوک سے آؤٹر رنگ روڈ تک سڑک کا دورہ کرکے جائزہ لیا ۔انہوں نے کہا کہ دہلی میں سڑکیں بہت چوڑی ہیں لیکن بین الاقوامی اسٹینڈرڈ کی نہیں ہیں۔ ہم انہیں بہت خوبصورت بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دہلی کی 500 کلومیٹر سے زیادہ سڑکوں کو ہم یورپی معیارات کے مطابق ڈیزائن کر رہے ہیں۔ آج میں نے ذاتی طور پر برٹانیہ چوک سے آؤٹر رنگ روڈ تک سڑک کا جائزہ لیا۔اس میں مزید بہتری کی گنجائش ابھی باقی ہے۔ ان کو جلد ٹھیک کر کے ہم دہلی کی سڑکوں کو مزید خوبصورت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں پائلٹ پروجیکٹ کے تحت 16 اسٹریچ پر کام چل رہا ہے اور تمام پائلٹ پروجیکٹ ستمبر سے اکتوبر تک مکمل ہو جائیں گے۔ پائلٹ پروجیکٹ کے بعد جو ماڈل اچھا ہوگا، ہم اسے یورپی معیار کی بنائی جانے والی دہلی کی 500 کلومیٹر لمبی سڑکوں پر نافذ کریں گے ۔وزیراعلیٰ کیجریوال نے سڑک کے کنارے اور سنٹرل ورج پر لگائے گئے پودے کے معیار پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ سنٹرل ورج پر لگائے گئے پودوں میں کئی جگہوں پر کافی فاصلہ ہے اور پودے بھی کافی چھوٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درخت اسی طرح لگائے جائیں جس طرح یورپی ممالک کی سڑکوں کے کنارے اور سنٹرل ورج پر جیسے گھنے پودے لگائے جاتے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ سڑک کے کنارے اور سنٹرل ورج پر تھوڑے بڑے اور گھنے پودے لگائیں تاکہ یہ خوبصورت نظر آئے۔ ساتھ ہی اس اسٹریچ کے ایک طرف ایک بڑی دیوار ہے۔مسٹر کیجریوال نے کہا کہ ہم دہلی کے اندر سڑکوں کو بہت خوبصورت بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دہلی ملک کی راجدھانی ہے۔ ہم لندن، ٹوکیو، نیویارک، واشنگٹن، یورپ کے شہروں سمیت پوری دنیا میں جاتے ہیں تو سڑکیں کتنی خوبصورت ہوتی ہیں۔ ہماری سڑکیں بہت چوڑی ہیں۔ لیکن اگر بین الاقوامی معیار پر دیکھا جائے تو یہ اس معیار کی نہیں ہیں۔ ہمارا مقصد دہلی کی سڑکوں کو بہت خوبصورت بنانا ہے۔ اسی کوشش کے تحت پہلے مرحلے میں ہمارا مقصد محکمہ تعمیرات عامہ کی 500 کلومیٹر طویل سڑکوں کو خوبصورت بنانا ہے۔نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ دیوار کی خوبصورتی کے لیے متعلقہ شخص سے بات کریں۔ اگر وہ چاہیں تو دیوار کو خود سنوار سکتے ہیں اور دہلی حکومت اس کے لیے ادائیگی کرے گی یا پھر وہ اس کی اجازت دے دیں تاکہ دہلی حکومت خود دیوار کو خوبصورت بناسکے۔ انہوں نے دیوار پر خوبصورت پینٹنگز بنانے کا مشورہ دیا۔