ملک کا ورک کلچر، حکومت کا کام کرنے کا انداز بدل گیا ہے: نڈا
نئی دہلی، مئی۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جگت پرکاش نڈا نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کی خدمت، اچھی حکمرانی اور غریبوں کی فلاح و بہبود کی آٹھویں سالگرہ کے موقع پر کہا کہ گزشتہ آٹھ سالوں میں نہ صرف حکومت کے کام کرنے کا انداز بلکہ ملکی سیاست کا ورک کلچربھی بدل گیا ہے اور ملک آگے بڑھ رہا ہے اور فیصلے لے رہا ہے۔ پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر نڈا نے گزشتہ 8 سالوں میں ملک کے ہر شعبے میں ترقی کے لامحدود سفر پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر بی جے پی کے سینئر لیڈران اور تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی کے وزیر دھرمیندر پردھان، خواتین اور بچوں کی بہبود کی وزیر اسمرتی ایرانی، اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر، بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ارون سنگھ، بی جے پی کے نیشنل میڈیا چیف انیل بلونی وغیرہ موجود تھے۔ اس موقع پر مسٹر نڈا نے ایک وکاس گیت جاری کیا اور ایک لنک پر کلک کرکے نریندر مودی موبائل ایپ کا اپ ڈیٹ ورژن بھی جاری کیا جس میں مودی حکومت کے 8 سال کے ترقیاتی سفر کو اجاگر کرنے کے لیے ایک خصوصی ماڈیول شامل کیا گیا ہے۔ پریس کانفرنس کے بعد مسٹر نڈا، وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی صحافیوں کے ساتھ غیر رسمی بات چیت میں حصہ لیا۔