اسکاٹ لینڈ میں ایشیائی ڈاکٹر کو 12 سال کی سزا

گلاسگو ،مئی۔ اسکاٹ لینڈ میں گلاسگو کے ایک قریبی قصبے کوٹ برج کے ایک ایشیائی ڈاکٹر کرشنا سنگھ کو اپنے47مریضوں پر جنسی حملے کرنے کے جرائم پر12سال قید کی سزا دی گئی ہے۔ ڈاکٹر کرشنا سنگھ کو اپنی طبی خدمات پر او بی ای کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔ ان پرالزامات کی تفصیل بیان کرتے ہوئے استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ کس طرح یہ جنسی شکاری شرافت کا لبادہ اوڑھے35سال سے زیادہ عرصے تک اپنے جرائم کی پردہ پوشی میں کامیاب رہا، تاہم2018ء میں جب ایک خاتون نے اس کے جنسی کردار پر پولیس کو رپورٹ کی تو پولیس نے اپنی انکوائری کرتے ہوئے ڈاکٹر کرشنا کی سرجری کے تمام مریضوں سے اس بارے میں معلومات طلب کیں۔خواتین مریضوں کی ایک بڑی تعداد نے سامنے آکر خود پر بیتے ہوئے واقعات بیان کیے۔ گلاسگو ہائی کورٹ میں مقدمے کی2ماہ تک سماعت کے دوران ڈاکٹر کرشنا نے اپنے خلاف لگائے گئے تمام الزامات کی صحت سے انکار کیا تھا لیکن جیوری نے ان کو مجرم قرار دے دیا۔ جج لارڈ آرم اسٹرانگ نے ڈاکٹر کرشنا سنگھ کو12سال قید کی سزا سناتے ہوئے کہا کہ تم نے اپنے پیشے کے تقدس کو پامال کیا۔ خواتین کے اعتماد کو مجروح کیا اور تم نے اپنے ہاں جرائم پر کسی افسوس کا اظہار بھی نہیں کیا۔

 

Related Articles